ممبئی: مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے اتوار کو پیش گوئی کی کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اسمبلی انتخابات اکیلے نہیں جیت سکتی۔ تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی ریاست میں سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایکناتھ شندے کی شیو سینا اور اجیت پوار کی این سی پی کے ساتھ اتحاد میں حکومت بنائے گی۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ "بی جے پی اکیلے ریاستی انتخابات نہیں جیت سکتی، لیکن یہ بھی سچ ہے کہ ہمارے پاس سب سے زیادہ سیٹیں ہیں اور سب سے زیادہ ووٹ فیصد ہے۔ انتخابات کے بعد بی جے پی ریاست کی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرے گی۔ اتحاد کی بدولت تینوں جماعتوں کے ووٹوں سے ہمیں کامیابی ملے گی۔
خواہشمند امیدواروں کے لیے 'دکھ'
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے سیٹوں کی تقسیم کے حوالے سے ناراضگی پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ "کوئی (پارٹی) یہ نہیں کہہ سکتی کہ وہ دوسری پارٹیوں کے ووٹ چاہتی ہے، لیکن وہ سیٹوں کی تقسیم پر سمجھوتہ کرنے سے انکار کر سکتی ہے۔ مجھے اپنے کچھ خواہشمند امیدواروں کے لیے دکھ ہے جنہیں اس اسمبلی الیکشن میں موقع نہیں مل سکا۔"
لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی قیادت والے اتحاد کی مایوس کن کارکردگی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے فڑنویس نے کہا کہ ''یہ ووٹ جہاد کا نتیجہ ہے۔'' انہوں نے کہا کہ ''دھولے لوک سبھا حلقہ میں، ہمارے امیدوار پانچ اسمبلی حلقوں میں آگے تھے، لیکن مالیگاؤں-مرکزی اسمبلی حلقہ میں ووٹنگ کی وجہ سے ہمیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم اسمبلی انتخابات میں یہ نہیں چلے گا کیونکہ ان پانچ سیٹوں پر ہمارے امیدوار جیتیں گے۔''