نئی دہلی: بابا رام دیو اور آچاریہ بال کرشنا کو سپریم کورٹ سے بڑی راحت مل گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے منگل کو گمراہ کن اشتہارات کے سلسلے میں رام دیو اور آچاریہ بال کرشنا کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ بند کر دیا۔ عدالت عظمیٰ نے پتنجلی کی اس بات کو تسلیم کرلیا ہے جس میں پتنجلی کے ذمہ داران کی طرف سے کہا گیا تھا کہ اب وہ گمراہ کن اشتہارات اور دیگر دعووں کو جاری کرنے سے پرہیز کریں گے۔
جسٹس ہیما کوہلی کی سربراہی میں اور جسٹس احسن الدین امان اللہ پر مشتمل بنچ نے نومبر 2023 سے مئی 2024 تک پیش آنے والے واقعات کی ترتیب پر غور کرتے ہوئے کہا کہ بابا رام دیو اور بالا کرشن نے عدالت کو دئے گئے عہد کی خلاف ورزی کی مگر بعد میں بغیر کسی شرط کے معافی مانگ لی ہے۔
بنچ نے کہا کہ انہوں نے نہ صرف اپنے حلف نامے میں ذاتی طور پر اپنے طرز عمل پر افسوس کا اظہار کیا بلکہ قومی اور علاقائی اخبارات میں نمایاں طور پر شائع ہونے والے اشتہارات کے ذریعے معافی مانگنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
بنچ کی جانب سے فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس کوہلی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ رام دیو اور بالاکرشن نے غیر مشروط معافی مانگنے میں دیر کر دی، خاص طور پر جب عدالت نے پہلی بار ان کی معافی کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ عدالت نے کہا کہ اس کے بعد کے طرز عمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے خود اپنے پروڈکٹ کو صاف اور شفاف طریقے سے پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔
بنچ نے کہا کہ ہم ان کی طرف سے کی گئی معافی قبول کرنے اور کیس کو بند کرنے کو تیار ہیں۔ نیز، انہیں خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے الفاظ پر قائم رہیں۔ بنچ نے رام دیو اور بالاکرشن کو خبردار کیا کہ ان کی طرف سے آئندہ کسی بھی خلاف ورزی، چاہے وہ کارروائی میں ہو یا دعوؤں میں، عدالتی احکامات کی خلاف ورزی یا انڈرٹیکنگ کی شرائط کی بے عزتی کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور اس کے نتائج واقعی میں سنگین ہو سکتے ہیں۔
بنچ نے کہا کہ اب کارروائی بند کردی گئی ہے، اور جاری کیے گئے شوکاز نوٹس ختم کر دیے گئے ہیں۔ سپریم کورٹ نے پتنجلی پروڈکٹس کے بارے میں گمراہ کن اشتہارات اور دیگر دعووں کے بارے میں فیصلہ سنا دیا ہے۔ تفصیلی فیصلہ بعد میں اپ لوڈ کیا جائے گا۔ سپریم کورٹ کے وکیل نے کہا کہ امید ہے کہ بابا رام دیو اور بالاکرشن کسی بھی طرح سے عوام کو اپنے گمراہ کن اشتہارات سے نقصان نہیں پہنچائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: