نئی دہلی: دہلی کے کابینی وزراء آتشی اور سوربھ بھردواج کو جمعہ کو دہلی میں حراست میں لیا گیا۔ عاپ لیڈر ایکسائز پالیسی کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری پر بی جے پی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔
دہلی بی جے پی کے دفتر آئی ٹی او چوراہے کے علاقہ میں دفعہ 144 کو نافذ کیا گیا ہے۔ عاپ لیڈران و پارٹی کے سینکڑوں کارکن بی جے پی دفتر کے روبرو احتجاج کر رہے ہیں۔
حراست میں لیے جانے کے بعد آتشی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انھوں نے کہا کہ،"مجھے دہلی پولیس نے آئی ٹی او میں پرامن احتجاج کرتے ہوئے حراست میں لیا ہے۔ پہلے یہ لوگ دہلی کے وزیر اعلیٰ کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرتے ہیں، اور اب پرامن احتجاج میں حصہ لینے والوں کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے۔ اگر یہ جمہوریت کا قتل نہیں ہے تو، پھر کیا ہے؟"
آئی ٹی او میں اپنے احتجاج میں، عام آدمی پارٹی کے حامیوں نے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور اپنے قائدین کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے پنڈت دین دیال اپادھیائے مارگ پر رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔ یہاں دونوں پارٹیوں کا ہیڈکوارٹر واقع ہے اور اسے ٹریفک کے لئے بند کر دیا ہے۔