امرتسر: ہندو مذہب کا ایک وفد پاکستان میں مقیم کئی ہندوستانیوں کی راکھ لے کر پاکستان سے ہندوستان پہنچ گیا۔ یہ وفد اٹاری واہگہ بارڈر سے ٹرین کے ذریعے ہریدوار جائے گا اور ہندو مذہبی رسومات کے ساتھ استھیوں (راکھ) کو گنگا میں بہائے گا۔ اس بار یہ وفد 400 لوگوں کی استھیاں لایا ہے، جن میں سے 350 ہندوؤں کی ہیں اور 50 سکھ خاندانوں کی ہیں۔ یہ استھیاں ایسے لوگوں کی ہیں جن کی 2011 سے اب تک پاکستان میں موت ہوئی ہے۔
پاکستان سے راکھ لے کر بھارت پہنچنے والے رام ناتھ مہاراج نے کہا کہ سناتن دھرم کے رواج کے مطابق ان تمام استھیوں کو گنگا میں بہایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آخری رسومات سے 15 دن پہلے دہلی کے نگم گھاٹ پر پوجا پاٹ کی جائے گی۔ اس کے بعد 21 فروری کو ان استھیوں کو ستی گھاٹ اور گنگا میں بہایا جائے گا۔
رام ناتھ مہاراج نے کہا کہ یہ استھیاں ان لوگوں کی ہے جن کی مختلف وجوہات کی بنا پر موت ہو گئی تھی۔ ان میں سے کچھ کی موت سڑک حادثے میں ہوئی اور کچھ کی قدرتی موت ہوئی۔ ایسے کئی بچے اور بوڑھے بھی ہیں جن کی استھیاں نہیں پہنچ سکی۔ وقت پر ویزہ نہ ملنے کی وجہ سے آخری رسومات ادا نہ کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تیسری بار ہے کہ اس طریقے سے پاکستان سے استھیاں بھارت لائی گئیں۔