حیدرآباد: اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اور حیدرآباد لوک سبھا سیٹ سے منتخب رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے نریندر مودی کے علاوہ کسی دیگر وزیر اعظم امیدوار کی حمایت پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اویسی نے کہا کہ 'میں اگر مگر اور امکانات کے بارے میں بات نہیں کر سکتا۔ میں نے الیکشن کے دوران کہا تھا کہ اگر مودی کی جگہ کوئی اور وزیر اعظم بن سکتا ہے تو ہم ان کی حمایت کریں گے۔
انتخابی نتائج پر رد عمل دیتے ہوئے اویسی نے کہا کہ ملک کے ماحول کے مطابق بی جے پی کو لوک سبھا انتخابات 2024 میں اتنی سیٹیں نہیں ملنی چاہئیں تھیں۔ اگر ہم نے صحیح کام کیا ہوتا تو انہیں صرف 150 سیٹیں ملتی۔ ہم بی جے پی کو حکومت بنانے سے روک سکتے تھے اور عوام بھی یہی چاہتے تھے، لیکن ہم ناکام رہے۔
انہوں نے کہا "حالانکہ، کم از کم ہمیں قصوروار نہیں ٹھہرایا جا سکتا،" ایک بات واضح ہے کہ ملک میں کوئی مسلم ووٹ بینک نہیں تھا اور کبھی ہوگا بھی نہیں۔ اتر پردیش میں بی جے پی کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے اویسی نے کہا 'وہ سمجھتے تھے کہ وہ یوپی میں ناقابل شکست ہیں، لیکن کوئی بھی ناقابل تسخیر نہیں ہے۔ کیا پی ایم مودی بیساکھی کے سہارے حکومت چلائیں گے؟