اجمیر۔ ٹاڈا عدالت نے سال 1993 میں ملک میں ہوئے سلسلہ وار بم دھماکوں کے معاملے میں اپنا فیصلہ سنایا ہے۔ اجمیر کی ٹاڈا عدالت نے 23 فروری کو اپنا فیصلہ محفوظ رکھا تھا اور آج عدالت نے عبدالکریم ٹنڈا کو اس معاملے میں بری کر دیا ہے۔ جبکہ اس معاملے میں دو افراد کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ عبد الکریم ٹنڈا اس کیس کے مرکزی ملزم تھے۔
اجمیر کی ٹاڈا عدالت نے 1993 کے سلسلہ وار بم دھماکہ کیس میں ٹنڈا کو بری کر دیا ہے اور دو دیگر ملزمین عرفان اور حمید الدین کو سزا سنائی ہے۔ 6 دسمبر 1993 کو ایودھیا میں بابری مسجد کی شہادت کے بعد کوٹا، لکھنؤ، حیدرآباد، سورت، کانپور اور ممبئی کی ٹرینوں میں سلسلہ وار بم دھماکے ہوئے تھے۔ ٹنڈا اس کیس کے مرکزی ملزم تھے۔ سی بی آئی نے بھی ٹنڈا کو ان دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ مانا تھا اور اسے 2013 میں نیپال کی سرحد سے گرفتار کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 6 دسمبر 1993 کو مسجد کی شہادت کی پہلی برسی کے موقع پر ہندوستان کے 5 بڑے شہر بم دھماکوں سے لرز گئے۔ یہ سلسلہ وار بم دھماکے لکھنؤ، کانپور، حیدرآباد، سورت اور ممبئی کی ٹرینوں میں ہوئے تھے۔ اس معاملے کی سماعت اجمیر کی ٹاڈا عدالت میں ہوئی۔ اس دوران عدالت میں 570 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔ دونوں فریقوں کے درمیان بحث کے بعد اب ٹاڈا عدالت نے ٹنڈا کو بری کر دیا ہے۔ ساتھ ہی سی بی آئی کا کہنا ہے کہ ہم سپریم کورٹ میں اپیل کریں گے۔