مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'یہ بی جے پی کے نظریے کی شکست ہے۔ سی اے اے پر ترقیاتی منصوبہ حاوی ہوگیا۔'
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ 'یہ عام آدمی پارٹی کی طرز سیاست کی جیت ہے اور عوام نے بی جے پی کے نفرت کی سیاست کو رد کردیا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'بھارتیہ جنتا پارٹی کو اکثریت ملنے کے بعد وہ مغرور ہو گئی تھی۔عوام کی منتخب حکومت عام لوگوں کے خلاف پالیسی بنانے میں مصروف تھی۔'
ترنمول کانگریس کی سربراہ کا کہنا ہے کہ 'اقتدار میں دوبارہ آنے کے بعد سے ہی بی جے پی کے تمام رہنما ؤں نے ملک کے ایک مخصوص طبقے کے خلاف محاذ کھول رکھا تھا۔'
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 'بی جے پی کے رہنما اپنے طریقے سے ملک چلانا چاہتے تھے۔ انہوں نے شہریت ترمیمی ایکٹ لایا۔ بی جے پی والوں کو جواب دینا ہوگا کہ شہریت ترمیمی ایکٹ کس کے لئے تھا۔
انہوں نے کہاکہ دہلی کے عام لوگوں نے بی جے پی کے شہریت ترمیمی ایکٹ، این آ ر سی اور این پی آر تمامو رد کرتے ہوئے کجیروال کے ترقیاتی منصوبے کو ترجیح دی ۔
ممتابنرجی نے کہاکہ بی جے پی کو جلد سے جلد شہریت ترمیمی ایکٹ واپس لینے کا اعلان کرناچاہئے ۔ لوگوں کو شہریت ترمیمی ایکٹ نہیں بلکہ ترقیاتی منصوبے چاہئے ۔
انہوں نے کہاکہ اگر عام لوگوں کو شہریت ترمیمی ایکٹ قبول ہوتا تو وہ عام آدمی پارٹی کے حق میں ووٹ نہیں دیتے۔
واضح رہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 70 میں سے 63 سیٹیں حاصل کرکے تیسری مرتبہ دہلی پر قبضہ کیا ۔ بھارتیہ جنتاپارٹی 70 میں سے محض سات سیٹوں پر سمٹ گئی۔