مغربی بنگال کے کلکتہ یونیورسٹی کی انتظامیہ نے اپنے تمام فیکلٹی ارکان کو گزشتہ ہفتے ایک ای میل بھیج کر کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران آن لائن کلاس لے کر تعلیمی نقصانات کا تدارک کریں۔
ای میل میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے درمیان تعلیمی نقصانات ہورہے ہیں۔اس لئے متبادل تدریسی نظام پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
پرووائس چانسلر (اکیڈمک)اشیش چٹوپادھیائے نے اساتذہ سے کہا ہے کہ آن لائن الیکٹرانک سہولیات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے طلبا کوای میل کے ذریعہ مواد، لیکچر نوٹ، اسائن منٹ اور دیگر متعلقہ امور بھیجیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ای میل ہر ایک طالب علم تک پہنچ جائے اور طلباء سے کہا گیا ہے .وہ اپنے ساتھیوں سے شیئر کریں۔
اس کے علاوہ اساتذہ سے کہا گیا ہے کہ گوگل آن لائن یا پھر کسی اور سہولیات کے ذریعہ آن لائن کلاس لیں۔
دنیا کے تقریبا بیشتر ممالک میں پھیل چکے کورونا وائرس (کووڈ 19) رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اس خطرناک وائرس سے دنیا بھر میں اب تک 37519 لوگوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ تقریبا 781656 افراد اس سے متاثر ہیں۔
بھارت میں بھی کورونا وائرس پھیلتا جا رہا ہے اور ملک میں مجموعی کورونا وائرس کے 180 نئے کیس سامنے آنے کے بعد اس کے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1251 ہو گئی ہے
جبکہ تین اور مریضوں کی موت ہونے کے بعد مرنے والوں کی تعداد 32 ہو گئی ہے ۔وزارت صحت نے پیر کو بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کے 1251 کیسزکی تصدیق ہو چکی ہے۔
اس عالمی وبا کے مرکز چین میں اب تک 81ہزار518 افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے اور 3305 لوگوں کی اس وائرس کی زد میں آنے کے بعد موت ہو چکی ہے۔