مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ریاست میں کورونا وائرس کو جڑ سے ختم کرنے اور کورونا مریضوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں تو دوسری جانب چند ہسپتالوں اور ایمبولینس ڈرائیوروں کے طرف سے مریضوں کے اہل خانہ سے جبراً وصولی کی خبریں موصول ہورہی ہیں۔
کورونا مریضوں سے ناجائز وصولی
اس درمیان بردوان ضلع کے جمال پور میں ایمبولینس ڈرائیوروں کی جانب سے کورونا مریضوں کے رشتہ داروں سے جبراً وصولی کی شکایت موصول ہوئی ہے۔
اس ضمن میں جمال پور ترنمول کانگریس کے ضلع صدر نے کورونا مریضوں کے رشتہ داروں سے جبراً وصولی کرنے والے ایمبولینس ڈرائیوروں کو سخت کارروائی کا انتباہ دے دیا ہے۔
کورونا مریضوں سے ناجائز وصولی ترنمول کانگریس کے بلاک صدر محمد خان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ ممتابنرجی ریاست کو کورونا سے نجات دلانے کی ہر ممکن کوشش میں مصروف ہیں. انہوں نے کورونا مریضوں کے لئے مفت ایمبولینس خدمات شروع کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 102 پر کال کرنے سے ایمبولینس کی گاڑی مریضوں کے گھر تک چلی آتی ہے اور مفت خدمت فراہم کرتی ہے، اس درمیان جمال پور میں یہ سننے کو ملا کہ ایمبولینس کے ڈرائیور کورونا مریضوں سے جبراً وصولی کرتے ہیں جو ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی حرکت کرنے والے ہوشیار رہیں، رنگے ہاتھوں پکڑے جانے پر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اس کے ساتھ ساتھ لائسنس بھی رد کر دیا جائے گا۔ ترنمول کانگریس کے رہنما کا کہنا ہے کہ کورونا کے مریضوں کے رشتہ دار پہلے ہی پریشان رہتے ہیں اور ان سے زبردستی وصولی کرکے انہیں مزید پریشان نہ کریں۔ یہ اخلاقی طور پر بری بات ہے۔