ریاست کے چاروں ووٹوں کی گنتی مراکز پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کے درمیان ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ تمام کاؤنٹنگ مراکز پر کورونا گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مغربی بنگال کے چار اسمبلی حلقوں میں ہونے ہوئے ضمنی انتخابات میں حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کی جیت کا سلسلہ جاری ہے۔
کوچ بہار کے دن ہاٹا سے ترنمول کانگریس کے امیدوار ادین گوہا نے اپنے کٹر حریف بی جے پی کے امیدوار اشوک منڈل کو ریکارڈ ایک لاکھ 63 ہزار 7 ووٹوں سے شکست دے دی۔
ادین گوہا کی سیاسی زندگی میں یہ سب سے بڑی جیت ہے جبکہ بی جے پی کے امیدوار اشوک منڈل کی ضمانت ضبط ہو گئی اور ان کا سیاسی کیریئر بھی داؤ پر لگ گیا۔
اپنے حریف کے خلاف ریکارڈ جیت درج کرنے کے بعد ادین گوہا نے کہاکہ اس جیت سے یہ ثابت ہو گیا کہ بی جے پی کے لئے بنگال کی سرزمین پر کوئی جگہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی پوری طاقت ممتابنرجی کو 2024 میں دہلی جانے سے روک نہیں سکتی ہے۔ ممتابنرجی ہی بی جے پی کو دہلی سے بے دخل کر سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مغربی بنگال ضمنی انتخابات: چاروں سیٹوں پر ترنمول کانگریس کی سبقت
شمالی 24 پرگنہ کے کھردہ اسمبلی حلقے سے ترنمول کانگریس کے امیدوار و ریاستی وزیر شوبھن چٹرجی نے 93 ہزار سے زائد ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔
ریاست کے تمام چار اضلاع جنوبی 24 پرگنہ، شمالی 24 پرگنہ، ندیا اور کوچ بہار میں حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے کارکنان کے جشن منانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
بتادیں کہ کھردہ اسمبلی حلقے سے ترنمول کانگریس کے امیدوار اور وزیر شوبھن دیب چٹرجی نے بی جے پی کے امیدوار جے شاہ کو شکست دی، سی پی آئی ایم کے امیدوار تیسرے مقام پر رہے، جیت کے بعد ترنمول کانگریس کے امیدوار اور وزیر شوبھن دیب چٹرجی نے کہاکہ جس طرح سے ملک بھر میں مہنگائی بڑھی ہے اس سے عام لوگوں کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس صورتحال میں بی جے پی کو عام لوگوں سے ووٹ کی امید نہیں کرنی چاہیے۔'
انہوں نے کہا کہ عام لوگ مہنگائی کے ساتھ ساتھ بی جے پی سے بھی نجات چاہتے ہیں۔ لوگ آج بی جے پی کے خلاف ووٹ دے رہے ہیں کل سڑکوں پر اتریں گے۔ دوسری طرف جنوبی 24 پرگنہ کے گوسابا سے ترنمول کانگریس کے امیدوار سبرتو منڈل ایک لاکھ 33 ہزار ووٹوں سے آگے ہیں اور وہ جیت سے ایک قدم دور ہیں۔ ندیا ضلع کے شانتی پور سے ترنمول کانگریس کے امیدوار برج کیشور اپنے حریف بی جے پی کے امیدوار سے 60 ہزار ووٹوں سے آگے ہیں۔