مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان کلیان بنرجی نے گورنر جگدیپ دھنکر کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہیں بی جے پی کا ترجمان قرار دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ گورنر جگدیپ دھنکر کی امت شاہ سے ملاقات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ وہ بی جے پی کے ترجمان ہیں۔
کلیان بنرجی نے کہا کہ گورنر جگدیپ دھنکر کی وزیر داخلہ سے نہیں بلکہ بی جے پی کے سنئیر رہنما سے ملاقات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ میں یہ بات ایک بار نہیں بلکہ سو مرتبہ کہوں گا۔ اس میں جھوٹ کیا ہے۔ ساری بات سچ ہے۔
یگلی ضلع کے شری رام پور سے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان کے مطابق گورنر دہلی جاتے ہیں اور ریاست سے متعلق بکواس کر کے چلے آتے ہیں۔
رکن پارلیمان کا کہنا ہے کہ مغربی بنگال کے تمام اضلاع میں تہوار قومی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا لیکن گورنر کو سیاسی تشدد کی خبر ملی۔ اس سے زیادہ افسوس کی بات اور کیا ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دہلی میں گورنر مغربی بنگال جگدیپ دھنکر نے وزیر داخلہ سے ملاقات کی۔