تیسری مرتبہ وزیراعلیٰ کا حلف لیتے ہوئے ممتا بنرجی نے گورنر جگدیپ دھنکر کے سامنے کہا تھا کہ ریاست میں سیاسی تصادم کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ جھڑپوں میں ملوث لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی تھی۔
وہیں، وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی سخت ہدایت کے باوجود ریاست کے مختلف اضلاع میں سیاسی جماعتوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ کے مختلف مقامات پر سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان خونی جھڑپوں ہوئی ہیں۔
جنوبی 24 پرگنہ کے پاتھر پرتیما، گوسابا، نرائن پور، صاحب گنج سمیت مختلف علاقوں سے جھڑپوں کی اطلاع موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق جھڑپوں کے دوران مختلف مقامات پر گھروں میں توڑ پھوڑ کی گئی۔ بیشتر گھروں کو نذر آتش کر دیا گیا۔ اس سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ متاثرہ علاقوں میں پولیس، آر اے ایف کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے رہنماؤں کے درمیان الزام تراشی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ایک دوسرے پر علاقے میں کشیدگی پھیلانے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔ پاتھر پرتیما سے ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی سمیر گھوش نے کہا کہ بی جے پی سیاسی تصادم کی اصل ذمہ دار ہے۔