مغربی بنگال میں 2021 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کو مد نظر رکھتے ہوئے ترنمول کانگریس کو شکست دینے اور بی جے پی کی پیش رفت کو روکنے کے لئے ریاستی کانگریس اور بایاں محاذ نے ایک ساتھ میدان میں اترنے کا ایک بار پھر اشارہ دیا ہے۔
اس سلسلے میں دونوں حلیف جماعتوں کے سربراہان بمن بوس اور سومن مترا کے درمیان تبادلہ خیال ہوا۔ جہاں دونوں حلیف جماعتوں نے کئی مسائل پر بات چیت کی۔
کانگریس اور بایاں محاذ نے 2019 کے لوک سبھا الیکشن میں اپنی پارٹی کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے کہ بی جے پی کی ریاست میں بڑھتی طاقت کو روکنے کے لئے 2021 اسمبلی انتخابات میں ایک ساتھ لڑا جائے۔
اسی متحد لڑائی کے آغاز کے طور پر دونوں جماعتوں نے آئندہ 29 جون کولکاتا میں ایک مشترکہ ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ دونوں جماعتوں نے آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرتے ہوئے ایک کامن منیمم پروگرام بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کانگریس کے صدر سومن مترا نے کہا کہ دونوں حلیف جماعتیں آئندہ کی لڑائی مل کر لڑیں گی اور اس سلسلے میں ہم نے ایک مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا ہے جس کے تحت ہمارے مستقبل کی تحریک طے کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح سے ریاست میں بی جے پی کی طاقت میں اضافہ ہوا ہے اس کو دیکھتے ہوئے سی پی آئی ایم کو ایک ساتھ لڑنے کی ضرورت ہے۔