مغربی بنگال کے مشرقی مدنی پور کے ہانسکوڑہ اسمبلی سے ترنمول کانگریس کی رکن اسمبلی اور سینئر رہنما فیروزہ بی بی ریاست کے چار اضلاع میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ترنمول کانگریس کی رہنما اور رکن اسمبلی فیروزہ بی بی نے مشرقی اور مغربی مدنی پور دونوں اضلاع میں سیلابی صورتحال پر بہت جلد قابو پانے کی امید ظاہر کی ہے۔
متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد رکن اسمبلی فیروزہ بی بی نے کہا کہ سیلابی صورتحال پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے لیکن بارش کے سبب تمام تر کوششوں پر پانی پِھر جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالات میں بہتری آنے کے بعد متاثرہ اضلاع میں موسلادھار بارش بھی ہورہی ہے جس کے نتیجے میں راحت کا کام پوری طرح سے متاثر ہوا ہے، لیکن ہمیں امید ہے کہ حالات کو بہت جلد قابو میں کرلیا جائے گا۔ کیمپوں میں پناہ لینے والے لوگ جلد ہی اپنے اپنے گھر کو واپس لوٹ جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : تعلیمی ادارے بند رکھنے کے خلاف احتجاج طلبہ و ٹیچر کا راستے پر کلاس
غور طلب ہے کہ ریاست کے بردوان، مشرقی مدنی پور، مغربی مدنی پور اور ہوڑہ ضلع کے بیشتر علاقوں میں سیلابی صورتحال میں آہستہ آہستہ بہتری آنے لگی ہے۔
حالات میں بہتری کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے جاری راحت کے کاموں میں بھی مزید تیزی آئی ہے. علاقوں میں صاف صفائی کے کام بھی جاری ہیں۔
اس دوران ہگلی ندی میں پانی کی سطح میں تشویشناک طور پر اضافہ ہونے کی وجہ سے ہوڑہ ضلع میں سیلاب جیسی صورتِ حال ہے۔
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی آج سیلابی صورتحال سے پوری طرح سے متاثر علاقہ گھٹال کے دورے پر جائیں گی اور حالات کا جائزہ لیں گی۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ ممتابنرجی مشرقی مدنی پور اور ہوڑہ ضلع کے دورے پر جاچکی ہیں۔