مرشد آباد : مغربی بنگال کے مرشد آباد ضلع کے فراقہ تھانہ کے شنکر پور کے قریب فیڈر کینال(نہر) میں مگرمچھ کے پائے جانے سے دہشت پھیل گئی۔محکمہ جنگلات کی تمام تر کوششوں کے باوجود اب تک مگرمچھ پکڑا نہیں جا سکا ہے۔اس کی تلاش جاری ہے۔
مقامی لوگوں نے فیڈر کینال کے کنارے مگرمچھ کو دیکھا۔ اس کے بعد سے انہوں نے مگرمچھوں کے خوف سے گنگا کے فیڈر کینال میں اترنا جانا چھوڑ دیا ہے۔ نہر کنارے آباد بستیوں میں بھی شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ حال ہی میں گنگا پدما میں مگرمچھ بار بار دیکھے گئے ہیں۔
جلنگی بلاک میں واقع پدما ندی میں گزشتہ ڈیڑھ سے دو مہینے کے دوران درجنوں مگرمچھ دیکھے گئے ہیں۔اس علاقے میں خوراک کی بہتات ہونے کی وجہ سے مگرمچھ اس علاقے میں آتے ہیں ۔ان کی تعداد میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے ۔
اس علاقے سے 500 میٹر کے فاصلے پر ایک بستی ہے۔ اس محلے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ مگرمچھوں کے خوف سے مقامی لوگ گنگا میں نہانے کے لئے نہیں اترتے۔ مچھیرے خوف کی وجہ سے مچھلیاں پکڑنے کے لئے کشتیوں کے ساتھ پانی میں نہیں جاسکتے۔ اس کی اطلاع محکمہ جنگلات کو دے دی گئی ہے۔ محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے مگرمچھ کو رہائشی علاقے سے دور بھگانے کی مہم شروع کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:West Bengal Govt آواس یوجنا اسکیم کے تحت مکان کی تعمیر 90 دنوں کے اندر کی جائے گی
ادھر مرشدآباد میں مگرمچھوں کے بار بار نظر آنے سے انتظامیہ میں خوف و ہراس کے ساتھ ساتھ تشویش بھی پائی جاتی ہے۔ انتظامیہ اس بات سے پریشان ہے کہ مگرمچھ گنگا میں کیسے داخل ہو رہے ہیں۔ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ مگرمچھ خوراک کی تلاش میں گنگا پدما میں داخل ہو رہے ہیں۔