سی بی آئی نے اب تک 34 نئی ایف آئی آر درج کی ہیں۔ سی بی آئی نے ریاست میں مختلف قتل کے واقعات کے سلسلے میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔
انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم بیان ریکارڈ کر نے کے لیے ہر ایک ضلع کا دورہ کررہی ہے۔ سی بی آئی نے نلہٹی قتل کیس میں اس قدر جلدی میں چارج شیٹ پیش کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔ دریں اثنا سی بی آئی نے ندیا میں انتخابات کے بعد تشدد کی تحقیقات کے سلسلے میں چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔
تحقیقاتی ٹیم نے جمعرات کو کلکتہ اور کئی اضلاع میں جائے وقوع کا دورہ بھی کیا۔ سی بی آئی کے افسران نے متاثرہ خاندانوں سے بات کی ہے۔ سی بی آئی کے تفتیش کاروں نے پریذیڈنسی سنٹرل جیل میں جاکر کلکتہ کے نارکل ڈانگا تھانہ علاقہ کے رہائشی بی جے پی کارکن ابھیجیت سرکار کے قتل کے چار ملزمان کے بیانات لیے۔ جنوبی 24 پرگنہ کے سونار پور کے رہنے والے بی جے پی کارکن ہرادھن ادھیکاری کے قتل کے تفتیشی افسر سوجوئے گھوش سے سالٹ لیک میں واقع سی بی آئی آفس سی جی او کمپلیکس میں پوچھ گچھ کی گئی۔
سی بی آئی نے جمعرات کی سہ پہر بیربھوم کے رام پورہاٹ ڈسٹرکٹ کورٹ میں بی جے پی کارکن منوج جیسوال کے قتل کے ملزم کے خلاف چارج شیٹ داخل کی۔ مبینہ طور پر نلہٹی کے رہائشی منوج جیسوال کو اسمبلی کے نتائج کے بعد 14 مئی کو شرپسندوں نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا تھا۔ خاندان کی جانب سے نالہٹی پولیس اسٹیشن میں 5 افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔ تفتیش میں مرکزی ملزم معین الدین شیخ، عظیم الدین شیخ، عمران شیخ، فاروق علی اور زید حسین سمیت کل پانچ افراد کے خلاف فرد جرم عائد کی گئی۔ فاروق اور زید کے علاوہ ضلع پولیس نے دیگر تین کو گرفتار کیا۔ گزشتہ ہفتے گرفتار ہونے والے تینوں میں سے عظیم الدین کو عبوری ضمانت دی گئی۔ بیماری کی وجہ سے عدالت نے اسے مشروط ضمانت دی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: بی جے پی نے کلکتہ ہائی کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا
دریں اثنا سی بی آئی کی خصوصی تفتیشی ٹیم کلکتہ ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد تشدد کی تحقیقات کے لیے بیربھوم کے نلہٹی گئی۔ مقتول کے اہل خانہ سے بات کی۔ سی بی آئی عہدیداروں نے نلہٹی تھانہ کے تفتیشی افسر سے اس کیس کی تفصیلات لیں۔ بقیہ ملزمان کو ضمانت ملنے کے پیش نظر سی بی آئی نے عجلت میں آج ضلع عدالت میں چارج شیٹ داخل کی۔ چارج شیٹ میں سی بی آئی نے کہاکہ ”تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہے۔ اگر اس وقت ملزمان کو ضمانت مل جاتی ہے تو تفتیش کو نقصان پہنچے گا۔ ملزمان باہر جا کر ثبوت کو مٹاسکتے ہیں۔ قتل کے 'محرکات' کو جاننے کے لیے ملزمان کو اپنے تحویل میں پوچھ گچھ کی ضرورت ہے، قتل کس کی ہدایت کے تحت ہوا، اور قتل کے پیچھے اور کون ہے۔ اس کے بعد عدالت نے گرفتار دونوں کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں اور سی بی آئی کی چارج شیٹ قبول کرلی۔
یو این آئی