مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے مد نظر ریاست میں سیاسی سرگرمیاں جہاں ایک طرف تیز تر ہوتی جا رہی ہیں وہیں، پارٹی بدلنے کا سلسلہ بھی شباب پر ہے۔ جہاں ایک طرف ترنمول کانگریس چھوڑ کر لوگ بی جے پی جا رہے ہیں وہیں، بی جے پی چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں بھی شامل ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
آج ترنمول بھون میں ریاستی وزیر برتو باسو کی موجودگی میں بی جے پی رہنما مکل رائے کے قریبی رشتہ دار سریجن رائے ترنمول کانگریس میں شامل ہو گئے۔ سریجن رائے نے 2019 میں ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔
سریجن رائے نے 2011 کے اسملبی انتخابات، 2014 کے لوک سبھا اور 2016 کے اسمبلی انتخابات میں ترنمول کانگریس کے لئے اہم رول ادا کیا تھا۔ لیکن 2019 میں وہ ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے۔ آج انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی کی قیادت میں ہم بنگال میں سیکولرزم کو بچا سکتے ہیں۔ اسی لئے میں نے ترنمول کانگریس کو منتخب کیا ہے۔
دو اور اہم شخصیات جنہوں نے آج ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ ان میں بنگلہ اداکارہ نلنجنا مجمدار بھی شامل ہیں، جو گذشتہ نو برسوں سے سماجی خدمات بھی انجام دے رہی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی ممتا بنرجی کے ماتحت کام کرنا میرے لئے فخر کی بات ہے۔
اس کے علاوہ کلکتہ ہائی کورٹ کی معروف وکیل جیوتی پرکاش چٹرجی بھی ترنمول میں شامل ہوگئی ہیں۔ وہ ماضی میں ترنمول کانگریس کی پیروی بھی کر چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ترنمول کانگریس میں شامل ہوا ہوں، کیونکہ بی جے پی بنگال کو تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ ہماری لڑائی بی جے پی کے جنگل راج کے خلاف ہے۔