ریاست اتر پردیش کے بارہ بنکی پولیس نے 29 ستمبر کی رات ایک نابالغ لڑکی کے قتل کی واردات کا انکشاف کر دیا ہے۔
نابالغ لڑکی کو اس کے چھوٹے بھائی نے گلا دباکر ہلاک کر دیا تھا کیونکہ اس نے اپنی بہن کو اپنے پھوپھی زاد بھائی کے ساتھ نازیبا حالات میں دیکھ لیا تھا۔ اس معاملے میں نابالغ لڑکے کی گرفتاری کے ساتھ ہی اس کے پھوپھی زاد بھائی کو بھی گرفتار کیا گیا۔
واضح رہے کہ بارہ بنکی کے اسندرہ تھانہ حلقے کے گوڈیا گاؤں میں ایک 17 سالہ لڑکی کو یہ کہہ کر آخری رسومات ادا کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی کہ اسے سانپ نے کاٹا ہے۔
اطلاع پر پہنچی پولیس نے معاملے کو دیکھتے ہوئے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ لڑکی کا قتل گلا دباکر کیا گیا۔
پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کی۔ دو اکتوبر کو پولیس نے اس معاملے کا انکشاف کرتے ہوئے نابالغ بھائی اور اس کے پھوپھی زاد بھائی کو گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: کیرالہ: محبت سے انکار پر لڑکی کا قتل
پولیس کے مطابق ایودھیا ضلع کا بنواری، جو مقتولہ کا پھوپھی زاد بھائی ہے، وہ کیلے کی کھیتی کی سلسلے میں اپنے مامو کے گھر رکا تھا۔ بنواری کا مقتولہ کے ساتھ عشق تھا اور ان دونوں کو لڑکی کے بھائی نے نازیبا حالات میں دیکھ لیا۔ اس لیے مقتولہ کے چھوٹے بھائی نے اس کا گلا دباکر قتل کیا اور جرم چھپانے کے لیے سانپ کاٹنے کا بہانا بنایا۔
پولیس نے ملزم بھائی کو گرفتار کر لیا ہے۔