علی گڑھ: کہا جاتا ہے کہ محبت اندھی ہوتی ہے، جب محبت کا نشہ چڑھ جائے تو کچھ نظر نہیں آتا لیکن جب حقیقت سامنے آتی ہے تو زندگی کا مطلب سمجھ میں آ جاتا ہے۔ ایسا ہی ایک معاملہ علی گڑھ ضلع میں پیش آیا ہے۔ یہاں شادی کرنے کے بعد جب تعلیم یافتہ لڑکی کو معلوم ہوا کہ اس کا شوہر صرف 12ویں پاس ہے تو اس نے طلاق مانگ لی۔ دونوں فریقین میں صلح کرانے کی کوشش کی گئی لیکن تمام کوششیں ناکام رہیں اور دونوں کے درمیان طلاق ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق اترولی تھانہ علاقہ کی رہنے والی ایم اے، بی ای ڈی کی ایک لڑکی کا اپنے ہی علاقہ کے ایک نوجوان سے عشق چلتا تھا، دو سال قبل دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔ گھر والوں سے چھپ کر دونوں نے شادی کر لی اور اپنی زندگی گزارنے لگے۔ شادی کے بعد لڑکی کو شوہر کی تعلیمی قابلیت کا علم ہوا تو شوہر 12ویں پاس نکلا، اس پر بیوی کو غصہ آگیا۔ تاہم شوہر نے رشتہ بچانے کی کوشش کی لیکن یہ رشتہ قائم نہ رہ سکا اور معاملہ فیملی کورٹ تک جا پہنچا۔ لڑکی نے طلاق کی درخواست دائر کر دی۔
مزید پڑھیں:Triple Talaq Case واٹس ایپ پر بیوی کو طلاق دینے کے الزام میں شوہر گرفتار
کونسلر یوگیش سرسوت نے عدالت میں کسی تصفیہ تک پہنچنے کی ہر ممکن کوشش کی، لیکن دونوں کے درمیان معاملات ٹھیک نہیں ہوسکے۔ کونسلر یوگیش سرسوت نے بتایا کہ یقیناً دونوں نے شادی کر لی تھی، لیکن اعلیٰ تعلیم یافتہ بیوی نے علاحدگی کو ترجیح دی۔ عدالت میں دونوں کے بیانات ہو چکے ہیں۔ عنقریب عدالت دونوں کو شادی کے بندھن سے آزاد کرنے والی ہے تاہم محبت کی شادی کے بعد بیوی کا یہ فیصلہ انتہائی چونکا دینے والا ہے۔