جل نگم سے متعدد مرتبہ شکایت کرنے کے باوجود پانی کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔
ضلع کی ایک نگر پالیکا اور گیارہ ٹاؤن ایریا میں پانی سپلائی کا ذمہ جل نگم کا ہے ۔اکثر کسی ٹاؤن ایریا یا نگر پالیکا میں پمپ خراب ہونے کی شکایت درج ہوتی رہتی ہے۔ جل نگم میں نصب مشینیں کافی پرانی ہونے سے یہ دقت پیش آرہی ہے۔ زنگ آلود واٹر پمپ اور الیکٹرک موٹر تبدیل نہ کیے جانے سے علاقائی عوام میں سخت غصہ ہے۔ جل نگم کے ذریعے مرمت کے کام میں تاخیر سے عام آدمی پینے کے پانی کے لیے بھی پریشان رہتا ہے ۔
اترپردیش جل نگم کی لاپروائی سے عاجز عوام اب احتجاج کے لیے سڑکوں پر اتر رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ مہینے میں کئی کئی مرتبہ جل نگم کی مشینیں خراب ہونے سے پانی کی سپلائی بالکل بند ہوجاتی ہے۔ گنجان آبادی کے درمیان پانی نہ ملنے سے حالات بے حد تکلیف دہ ہو جاتے ہیں ۔
مقامی لوگوں کے مطابق جل نگم بارہا شکایت کرنے کے باوجود اس مسئلہ کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھاتا۔ گھوسی ٹاؤن ایریا میں بھی جل نگم کی لاپروائی سامنے آئی ہے ۔
یہاں پانی سپلائی بند ہونے سے مظاہرین جل نگم کے سامنے نعرے بازی کر رہے ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو روز سے یہاں پانی کی سپلائی بالکل بند ہے ۔لوگ پانی کی سخت قلت کا شکار ہیں ۔