ریاست اترپردیش کے ضلع مئو کے پورہ معروف قصبہ کی عوام نے پانی کی قلت کو دور کر کے ثابت کر دیا کہ ارادے مضبوط ہوں تو کوئی بھی کام مشکل نہیں۔
مئو میں پانی کی قلت کا سامنا کر رہے لوگوں نے اپنے مسئلہ کا نایاب حل نکالا ہے، ضلع مئو کے قصبہ پورہ معروف کے باشندے کئی سال سے سرکاری بے توجہی کا شکار ہیں، انہیں ضرورت کے مطابق پانی بھی دستیاب نہیں ہے۔
مسلم اکثریت والے قصبہ میں پانی کی کمی دور کرنے کے لیے عوام نے بجلی کے تاروں کی طرح پانی کی پائپ لائن دوڑائی ہے۔
گنجان آبادی کے درمیان ایک مکان سے دوسرے مکان تک پانی کے پائپ گزر رہے ہیں، نچلے حصے میں یہ پائپ کسی درخت سے نکلی شاخ کے مانند نظر آتے ہیں۔
مقامی باشندوں نے پانی کی قلت سے تنگ آکر اپنا واٹر پمپ سسٹم قائم کرلیا، اس کے لیے ہیوی سمرسیبل پمپ نسب کیے ہیں، ان سمرسیبل کی مدد سے گھر گھر پانی کی فراہمی ممکن ہوسکی ہے۔
قصبہ پورہ معروف کی گلیوں میں پانی کی پائپ لائن کا جال بچھ گیا ہے، یہ کام لوگوں نے چھوٹی چھوٹی رقم کو اکٹھا کرکے پورا کیا۔
اترپردیش حکومت نے گزشتہ بجٹ سیشن میں پورہ معروف،کرتھی جعفرپور اور دھوریہ ساتھ کے قصبوں کو منسلک کر ٹاؤن ایریا بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔
سات ماہ گرزنے کے بعد بھی ٹاؤن ایریا حدود میں ترقیاتی کاموں کے نام پر ایک اینٹ بھی نہیں رکھی گئی ہے۔
قصبہ پورہ معروف کی عوام نے اپنی کوشش سے پانی کی پریشانی کا ازالہ کرلیا، اس لیے کہا جاتا ہے کہ اگر ارادہ مصمم ہو تو کوئی بھی کام ناممکن نہیں، جسے پورہ معروف کے باشندوں نے ثابت کردیا ہے۔