بریلی، یوپی: بریلی میں خاندانِ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں فاضل بریلوی کے اہم بزرگ اور تاج الشریعہ مفتی اختر رضا خاں ازہری میاں کے دو روزہ عرس کی تقریبات کا دن، تاریخ اور وقت طے ہو گیا ہے۔ یہ دو روزہ عرس شہر کے متھرا پور واقع مدرسہ جامعتہ الرضا اور درگاہ اعلیٰ حضرت کے قریب درگاہ تاج الشریعہ پر منعقد کیا جائے گا۔ اس دو روزہ عرس کے تمام تقریبات تاج الشریعہ کے صاحب زادے قاضی القضاۃ حضرت عسجد رضا خاں قادری کی سرپرستی، جماعت رضائے مصطفےٰ کے قومی نائب صدر اور عرس انچارج سلمان میاں کی صدارت اور جماعت رضائے مصطفےٰ کے قومی جنرل سکریٹری فرمان میاں کی نگرانی میں ادا کی جائیں گی۔ Urs e Tajushshariah Programme Releases
جماعت رضائے مصطفےٰ کے صحافی ترجمان ثمران خان نے بتایا کہ پہلے روز یعنی 6 جون کو بروز پیر درگاہ تاج الشریعہ پر بعد نماز فجر قرآن خوانی اور نعت و منقبت کی محفل سجائی جائے گی۔ پھر بعد میں بعد نمازِ عصر پرچم کشائی کی رسم ادا کی جائے گی۔ اس رسم ادائیگی میں روایت کے طور پر پہلا پرچم شاہ باد واقع ملن شادی ہال سے، دوسرا پرچم اعظم نگر واقع ہری مسجد سے اور تیسرا پرچم پرانہ شہر واقع سیلانی سے نکلے گا۔ تینوں پرچم کشائی کی رسم قاضی ہندوستان مفتی عسجد رضا خاں کے دست مبارک سے درگاہ تاج الشریعہ پر پیش کیے جائیں گے۔
بعد ازاں رات میں بعد نماز عشاء مدرسہ جامعتہ الرضا میں علمائے کرام کی تقریر ہوگی۔ پھر دستار بندی اور رات میں 1 بجکر 40 منٹ پر حضور مفتی اعظم کے قل کی رسم ادا کی جائے گی۔ دوسرے دن یعنی 7 جون بروز منگل کو درگاہ تاج الشریعہ اور مدرسہ جامعتہ الرضا میں بعد نماز فجر قرآن خوانی اور نعت و منقبت کی محفل سجائی جائےگی۔ پھر حضور تاج الشریعہ کے والد حضور مفسر اعظم ہند حضرت ابراہیم رضا خاں جیلانی میاں کے قل کی رسم صبح 7 بجکر 10 منٹ پر ادا کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:
ان خصوصی تقریبات میں مدرسہ جامعۃ الرضا میں بعد نماز ظہر نعت و منقبت اور پھر علمائے کرام کی تقریر ہوگی۔ شام کو 7 بجکر 14 منٹ پر حضور تاج الشریعہ مفتی حضرت اختر رضا خاں ازہری میاں کے قل شریف کی رسم ادا کی جائےگی۔ اس رسم ادائیگی کے ساتھ ہی دو روزہ عرس تاج الشریعہ اختتام پذیر ہو جائے گا۔ عرس کی تقریبات جاری کرنے کو موقع پر مولانا شمس رضا، مولانا سید عظیم الدین، حافظ اکرام رضا خان، ڈاکٹر مہندی حسن، شمیم احمد، معین خان، عبد اللہ رضا خاں، معین اختر، سید سیف علی قادری، عتیق احمد حشمتی، بختیار خان، مولانا عابد نوری، غلام حسین، دنّی انصاری وغیرہ کارکنان شامل تھے۔