ریاست اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی میں دیوی بلاک کے محکمہ بنیادی تعلیم نے اسکولوں کی بد نظمی کو ختم کرنے کے لیے ایک نیا قدم اٹھایا ہے۔اسی کے تحت تعلیم سے متعلق تمام سرگرمیوں کی نگرانی کے لئے پریرنا ایپ شروع کیا گیا ہے۔ پریرنا ایپ سے اساتذہ اور طلبہ کی حاضری سمیت تمام مسائل کی جانکاری براہ راست حکومت تک پہنچ سکے گی۔
پرائمری اسکولز میں ٹیچر کا دیر سے پہونچنا، پڑھائی میں غیر سنجیدگی، مڈڈے میل میں بدنظمی اور بدعنوانی جیسے تمام مسائل سے نمٹنے کے لئے یو پی حکومت پریرنا ایپ لانچ کیا ہے۔
اس ایپ کو ابھی تک تین اضلاع کے ایک ایک بلاک میں شروع کیا گیا ہے۔ بارہ بنکی میں اس ایپ کی شروعات کے لئے دیوی بلاک کا انتخاب کیا گیا ہے۔
اب اس بلاک کے تمام اسکولوں کی نگرانی پریرنا ایپ سے کی جائے گی۔ اس ایپ کی شروعات سے اساتذہ میں خوشی ہے۔ اساتذہ کا ماننا ہے کہ اس ایپ کے ذریعہ اب ہم اپنی شکایت اور مطالبات سیدھے حکومت سے کر سکیں گے اور اس سے اساتذہ کی ذمہ داریاں آپس میں تقسیم ہو جائیں گی۔
پرائمری اسکول کے نظام کو بہتر اور موثر بنانے کے لئے ضلعی سطح پر کئی طرح کے پروگرام شروع کیے گئے تھے، لیکن کوئی کامیابی نہیں ملی تھی۔اب اس جانب حکومت خود دلچسپی لے رہی ہے۔