ریاست اترپردیش کے وارانسی ضلع مجسٹریٹ کوشل راج شرما نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر گھر گھر اور دیگر صحت جانچ مہمات کے تحت طبی اہلکاروں کی طرف سے اب تک کل 594039 لوگوں کی تھرمل اسکریننگ کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 'لاک ڈاؤن کی پوزیشن میں مریضوں کو ہونے والی تکلیف کو دیکھتے ہوئے شہری علاقے کے مختلف وارڈو میں موبائل فلو کلینک/ ڈور اسٹیپ اسکریننگ کے ذریعے لوگوں کو علاج کی خدمات ان کے علاقے میں ہی پیش کی جا رہی ہے۔ ان کلینکوں کے بارے میں عوام تک ضروری معلومات پہنچانے کے لیے گاڑیوں سے مناسب تشہیر کی گئی ہے۔ ساؤنڈ سسٹم کے ذریعہ لوگوں کو معلومات فراہم کی جا رہی ہے۔
شرما نے بتایا کہ 'شہری علاقوں کے علاوہ دیہی علاقوں کے آٹھ بلاکس میں گاؤں کی سطح پر فلو کلینک/ ڈوپر اسٹیپ اسکریننگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ 'موبائیل ولیج فلو کلینک' کے ذریعے 179554 افراد کی اسکریننگ کی گئی۔
کوشل راج شرما نے بتایا کہ 'وارانسی کے لال بہادر شاستری کے بین الاقوامی ہوائی اڈے، ریلوے اسٹیشنوں، ہوٹلوں، لاجوں، مٹھوں،آشرموں، شہری اور دیہی مختلف مقامات اور غیر ملکی مسافروں سمیت کل 594039 افراد کے تھرمل اسکریننگ کی گئی ہے۔