لکھنؤ: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے اترپردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میں مالی تنگی کی وجہ سے ایک شخص کی خودکشی کے حوالے سے نریندر مودی حکومت کے دوسری میعاد کی پہلی سالگرہ پر طنز کستے ہوئے کہا کہ 'ایک سال کے جشن والے خط کی طرح یہ سوسائڈ نوٹ شاید ہر ایک تک نہ پہنچے مگر یہ سچ ہے کہ بھارت میں بہت سارے لوگ آج اسی طرح کے مسائل سے دوچار ہیں۔
محترمہ واڈرا نے ہفتہ کو اپنے ٹوئٹ میں لکھا'ایک تکلیف دہ حادثے میں یوپی کے بھانو گپتا نے ٹرین کے سامنے آکر خودکشی کرلی۔ کام بند ہوچکا تھا۔ اس شخص کو اپنا اور ماں کا علاج کرانا تھا۔ حکومت سے صرف راشن ملا تھا لیکن ان کا خط کہتا ہے اور بھی چیزیں تو خریدنی پڑتی ہیں۔اور بھی ضرورتیں تو ہوتی ہیں'۔
متوفی کے سوسائڈ نوٹ کو اپنے ٹوئٹ کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے انہوں نے لکھا ہے'یہ خط شائد آج ایک سال کے جشن والے خط کی طرح گاجے باجے کے ساتھ آپ کے پاس نہ پہنچے۔ لیکن اس کو پورا پڑھنا ۔ بھارت میں بہت سارے لوگ آج اسی طرح تکلف میں ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اترپردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری کے میگل گنج ریلوے اسٹیشن پر ایک شخص نے ٹرین کے آگے کود کر خودکشی کرلی تھی۔ لاش کی شناخت میگل گنج قصبہ باشندہ بھانو پرتاپ کے طور پر کی گئی ہے۔ متوفی کی جیب سے ملے سوسائڈ نوٹ میں اس نے اپنی غریبی اور بے روزگاری کا ذکر کرتے ہوئے لکھا تھا'راشن کی دوکان سے گیہوں۔چاول تو مل جاتا ہے لیکن یہ سب ناکافی ہے۔
چینی،چائے پتی،دال،سبزی، مسالے جیسی روزمرہ کی چیزیں اب پرچون کے دوکاندار بھی ادھار نہیں دیتے۔ میں اور میری بیوہ ماں لمبے عرصے سے بیمار ہیں۔غریبی کی وجہ سے تڑپ تڑپ کے جی رہے ہیں۔کسی سے بھی کسی قسم کا کوئی تعاون نہیں ملا ہے۔غریبی کا عالم یہ ہے کہ میرے مرنے کے بعد میرے آخری رسومات کے لئے میرے کنبے کے پاس پیسہ نہیں ہے۔