ریاست اترپردیش کے ضلع بریلی میں عالمی وبا کورونا کا قہر محکمہ پولیس میں بڑھتا جارہا ہے۔
اسی دوران منگل کی رات ایک دیگر انسپکٹر کی کوروناوائرس رپورٹ مثبت آنے کے بعد ایس ایس پی دفتر کو 48 گھنٹوں کے لیے سیل کرکے ایس ایس پی دفتر کے دروزے پر نوٹس چسپاں کردیا گیا ہے۔
بریلی کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شیلندر کمار پانڈے نے بدھ کو بتایا کہ مسلسل کورونا وائرس سے انفیکشن معاملے ملنے کے بعد دفتر کو اگلے 48 گھنٹوں کے لیے سیل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب دوبارہ یہ دفتر 10 جولائی کو عوام کے لیے کھولا جائےگا، تاہم اس قوت تک لوگ اپنی شکایتیں آن لائن کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پیر کو ہیڈ پیشی کے کورونا متاثر ہونے کے بعد شام کو پیشی دفتر میں تالا لگا دیا گیا تھا، وہیں منگل کی رات انسپکٹر کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔
اسی احاطے میں اکاونٹ ڈپارٹمنٹ کا سپاہی پہلے ہی کورونا متاثر ہوا تھا، تین پولیس اہلکار کے کورونا مثبت ملنے سے ان کے رابطے میں آئے دیگر پولیس اہلکار کے بھی سیمپل جانچ کے لیے بھیجے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ بریلی میں اب تک کوروناوائرس سے متاثر 17 افراد کی اموات ہوچکی ہے، اور مجموعی متاثرین کی تعداد 244 ہے۔
واضح رہے کہ ابھی حال ہی میں سی بی گنج میں دوراغہ سمیت 12 پولیس اہلکار کوروناوائرس پازیٹیو پائے گئے تھے۔