لاک ڈاؤن کے دوران دوسرے ریاست میں پھنسے مزدوروں کو اتر پردیش حکومت ان کے گھروں تک پہنچانے کی انتظامات کررہی ہے۔ مزدوروں کی خصوصی ٹرین پنجاب کے جالندھر اور گجرات کے سورت شہر سے ایودھیا پہنچی ہے۔ ان ٹرینوں میں ایودھیا اور آس پاس کے اضلاع کے تقریبا 2600 مزدور سوار تھے جنہیں فیض آباد جنکشن پر اتارا گیا۔
پچھلے 2 دن سے مزدوروں کے پنجاب سے ایودھیا پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹرین میں سماجی دوری کو مدنظر رکھتے ہوئے مزدوروں کو ان کے گھروں تک لے جانے کا انتظام کیا جارہا ہے۔ فیض آباد جنکشن پہنچنے والی دوسری مزدور اسپیشل ٹرین پر پہنچنے والے 40 فیصد مزدور ایودھیا ضلع کے رہائشی ہیں۔ اس کے علاوہ امبیڈکر نگر، سلطان پور، سنت کبیر نگر، دیوی پاٹن، بستی، بہرائچ اور گونڈا اضلاع کے مزدور بھی اس میں شامل ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ انوج کمار جھا نے بتایا کہ 'اسٹیشن پہنچنے کے فورا بعد تمام مزدوروں کو بوگی کے اندر لنچ کے پیکٹ اور پانی کی بوتلیں مہیا کی گئیں۔ اس کے بعد انہیں پلیٹ فارم پر لایا گیا، جہاں ان کی میڈیکل اسکریننگ اور تھرمل اسکریننگ کی جارہی ہے۔ ان کی مکمل تفصیلات کاؤنٹر پر ریکارڈ کی جارہی ہیں۔
ایودھیا مزدوروں کو بسوں کے ذریعہ ان کی تحصیلوں میں بھیجا جارہا ہے، جہاں مزدوروں کی دوبارہ تھرمل اسکریننگ ہوگی۔ ڈسٹرکٹ آفیسر انوج کمار جھا نے بتایا کہ 'مزدوروں کی کام کی مہارت الگ رجسٹر میں ریکارڈ کی جارہی ہے۔ مستقبل میں کسی کمپنی یا کاروباری ادارہ کو ملازمت کی ضرورت ہو تو انہیں کام پر لگایا جا سکتا ہے۔