اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو آئندہ جمعہ کے روز رامپور پہنچیں گے، جہاں وہ رکن پارلیمنٹ اعظم خاں کی جیل سے رہائی کے لئے تحریک اور ریاست کے اسمبلی انتخابات کے لئے مشن-2022 مہم کا آغاز کریں گے۔ اس کے پیش نظر سماجوادی کارکنان تیاریوں میں مصروف ہیں۔
پارٹی کے ضلع صدر اکھلیش کمار نے ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اکھلیش یادو ریاست کے اسمبلی انتخابات کے لئے مشن-2022 مہم کا آغاز کریں گے۔ اس کے لئے جمعہ کے روز رامپور سے سائیکل ریلی نکالی جائے گی جو رامپور سے شروع ہوکر لکھنؤ میں ختم ہوگی۔
وہیں اکھلیش کمار نے یہ بھی بتایا کہ رامپور کے رکن پارلیمان اعظم خاں اور ان کے فرزند عبداللہ اعظم کی رہائی کے لئے بھی اکھلیش یادو تحریک چلائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو کا رامپور میں دیڑھ ماہ کے اندر یہ دوسرا دورہ ہے۔ اس سے پہلے وہ 22 جنوری کو رامپور پہنچے تھے اور جوہر یونیورسٹی میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جلد ہی پوری ریاست میں سائیکل ریلی شروع کرنے والے ہیں۔ وہ سائیکل ریلی نکال کر اعظم خاں کی رہائی اور جوہر یونیورسٹی کو بچانے کی تحریک چلائیں گے۔