ریاست اترپردیش کے حج ہاوس میں پاخانے کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے دوسرے اضلاع سے آئے عازمین حج کو حد درجہ تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
یو پی حج ہاؤس میں بدانتظامی کی وجہ سے خواتین ہوں یا مرد حضرات، پیشاب یا پاخانے کی حاجت کے لیے باہر جانے کے لیے مجبور ہیں۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران کئی عازمین حج نے بتایا ' ہم لوگ گزشتہ روز یہاں بلرام پور سے آئے، لیکن حج کمیٹی نے عازمین کے رکنے کا کوئی معقول بندوبست نہیں کیا ہے'۔
ایک عازم نے بتایا کہ 'ہمارے رشتہ دار باہر قیام کرنے کو مجبور ہیں۔ بارش کی وجہ سے شامیانے سے پانی گر رہا تھا، جس سے پورا فرش گیلا ہو گیا'۔
بل رام پور سے آئے ایک دوسرے عازم حج نے بتایا کہ بیت الخلا میں گندگی کا انبار لگا ہوا ہے۔ مرد حضرات تو باہر جا کر فارغ ہو جاتے ہیں، لیکن سب سے بڑی پریشانی خواتین کی ہے، جو مجبور ہیں اور انہیں اسی گندگی میں پاخانہ کرنا پڑرہا ہے۔
نمائندے کے مطابق، حج ہاؤس کے اندر جو جگہ خواتین عبادت گاہ کے لئے متعین ہے، وہاں بھی پانی بھر گیا ہے۔ جس وجہ سے انہیں اندر جانے میں کافی دشواری ہو رہی ہے۔ حالانکہ اعلیٰ افسران کا ماننا یہ ہے کہ یہاں پر تمام سہولیات کا بہتر نظم کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ہر کمرے میں کم و بیش 70 سے 90 کے افراد کا قیام کرتے ہیں۔ کچھ کمروں میں اے سی کی سہولت مہیا کرائی گئیں ہی تو کچھ کمرے غیر اے سی ہیں جس کی وجہ سے گرمی سے لوگوں برا حال ہے۔
دوسری طرف ہر برس حج کمیٹی آف انڈیا عازمین حج کے لیے بہتر سہولتیں فراہم کرانے کا دعوی کرتی ہیں لیکن یو پی حج ہاوس کا حال ان کے دعووں کی قلعی کھول رہا ہے۔