ریاست اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں عام آدمی پارٹی کے اسمبلی انچارج اور ممکنہ امیدوار پنکج اوانا اور ضلعی صدر بھوپندر جادون کی مشترکہ قیادت میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے سیکٹر 44 نوئیڈا کے چھلیرا گاؤں اور امبیڈکر سٹی پشتہ کا دورہ کیا اور وہاں کے باشندوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔
اس کے بعد عام آدمی پارٹی بزنس سیل کے ضلع صدر منا گپتا نے امبیڈکر سٹی میں ایک میٹنگ کا اہتمام کیا جس میں نوئیڈا انچارج پنکج اوانا نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش میں اگر عام آدمی پارڈی کی حکومت بنتی ہے تو یہاں کے عوام کو 300 یونٹ بجلی مفت ملے گی اور بجلی 24 گھنٹے دستیاب ہوگی اور بجلی کے تمام پرانے بل بھی معاف کیے جائیں گے ، اس کے لیے پارٹی گارنٹی کارڈ سب کے لیے دستیاب کیا جا رہا ہے۔
ضلعی صدر بھوپندر جادون نے اس میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف بھارت بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی کیجریوال کے دہلی ماڈل کو پسند کیا جا رہاہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سے معاشرے کا ہر طبقہ پریشان ہے، تاجروں کے قتل اور خواتین کے ساتھ بدتمیزی کے واقعات کی وجہ سے ریاست کی صورتحال ابتر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عام آدمی اپنے ووٹ کی طاقت سے اپنی نئی حکومت کا انتخاب کرے۔
مزید پڑھیں:
عام آدمی پارٹی سماج کے ہر طبقہ کے ساتھ کھڑی ہے: بھورے حسین
اس موقع پر ضلع جنرل سکریٹری اور پارٹی کے ترجمان سنجیو نگم، بزنس سیل کے ریاستی سکریٹری شری کانت گپتا،میرٹھ سرکل صدر کلورام دروگا،اقلیتی سیل ضلع صدر دلدار انصاری،پوروانچل سیل ضلع صدر شنکر چودھری، ایس سی/ایس ٹی ضلع صدر سیل کے سنیل کمار،غازی آباد لیگل سیل کے ضلعی صدر شری کانت شکلا،یامین انصاری ،مدن لال،سورج یادو،سرتاج احمد،زبیر بھائی، نعمت سمیت دیگر کئی افراد موجود تھے۔