ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں لاک ڈاؤن سے ہرشعبہ متاثر ہے ۔بازار کاروبار سب کچھ بند ہے غریب عوام پر لاک ڈاؤن کا خاصا اثر پڑا ہے۔ بہت سے غریب ایسے بھی ہیں جن کو دو وقت کی روٹی بھی نصیب نہیں ہو رہی ہے ۔حالانکہ مرکزی حکومت کی جانب سے غریب عوام کو راشن ڈیلر کے ذریعے فری راشن تقسیم کیا جا رہا ہے لیکن یہ اسکیم صرف کارڈ ہولڈرز کے لئے ہے۔
باقی بچے غریب لوگ بھوک سے پریشان ہیں بہت سی تنظیمیں ان غریب لوگوں کو کھانا مہیا کر رہی ہیں۔ غریب عوام بھوکی نہ سوئے اس کے لئے مسلم معاشرے کے کچھ نوجوان لڑکے بھی پوری جی جان سے غریب لوگوں کو کھانا تقسیم کرنے کے کام میں لگے ہوئے ہیں۔
رات کے وقت یہ سبھی مسلم نوجوان لڑکے اپنی اپنی موٹرسائیکلوں پر کھانے کے سامان کو لے کر شہر کے مختلف چوراہوں پر رہ رہے لوگوں کو کھانا تقسیم کر رہے ہیں۔ اس ٹولی میں پندرہ نوجوان لڑکے ہیں جو رات کے وقت نکلتے ہیں اور سبھی غریبوں کو کھانا تقسیم کرتے ہیں۔
اس سے متعلق مزید معلومات دیتے ہوئے کھانا تقسیم کر رہے محمد ناوید نے بتایا کہ اس کورونا وبا کی وجہ سے ہر کوئی پریشان ہے ان پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے جہاں تک ہم سے بن پڑتا ہے ہم ان غریب لوگوں تک کھانا پہنچا رہے ہیں۔اس لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ بھوکے ہیں۔ اس لیے اس کھانا تقسیم کرنے کی مہم میں ہم 15 دوستوں کی ٹولی مسلسل کوشش کر رہی ہے کہ کوئی بھی رات کے وقت بھوکا نہ سوئے۔ ہم سبھی دوست گھر پر ہی کھانا بناتے ہیں اور رات کے وقت کھانے کو شہر کے سبھی مرکزی چوراہے یا روڈویز بس اسٹاپ ریلوے اسٹیشن پر موجود لوگوں میں تقسیم کرتے ہیں۔