سہارنپور: ریاست اترپردیش کے ضلع سہارنپور میں واقع دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی اپنے وطن بنارس میں ہیں، جہاں اعتکاف وغیرہ کے ساتھ وہ رمضان کی عبادتوں میں مشغول ہیں اور مسلسل اپنی خانقاہ میں اصلاحی بیانات اور حالات حاضرہ سے مجلس کو آگاہ کررہے ہیں۔ اسی سلسلہ کے تحت گزشتہ روز مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اپنی مجلس میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے موجودہ حالات بالخصوص ملک میں جگہ جگہ رونما ہورہے فسادات کے واقعات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 'مسلمان اپنے اخلاق و معاملات کو درست کریں، گناہوں سے توبہ کریں، نئے سرے سے زندگی کا آغاز کریں، برادران وطن اور پڑوسیوں کے ساتھ اپنی اسلامی اخلاق و کردار کی وہ تصویر پیش کریں جو مسلمانوں کی حقیقی تصویر اور اسلامی کی حقیقی تعلیمات ہیں تاکہ ان کے ذہنو ں میں جو گندگی بھری جارہی ہے اس کا عملی توڑ پیدا ہوسکے۔ Mufti Abul Qasim Nomani in Varanasi
مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ 'دل کو مضبوط رکھیں، خوف ودہشت کو دل سے نکالیں، موت کے خوف کو دل سے نکالیں، کیونکہ موت ایک مرتبہ ضرور آئے گی، مرنا برحق، موت کے ڈر سے ہم گھر کے اندر بیٹھ کر دیکھتے رہیں تو یہ بھی طریقہ درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'خدا نخواستہ حالات ایسے آ جائیں کہ ہماری جان و مال پر حملہ ہوجائے تو ہم بزدل بن کر گھر میں نہ بیٹھے رہیں ہم امن وامان کے محافظ ہیں، اپنی طرف سے کوئی امن کے خلاف اقدامات نہیں کریں گے، لیکن اگر ہماری جان و مال عزت و آبرو کے اوپر کوئی حملہ آور ہوتا ہے تو چھت پر چڑھ کر نعرہ تکبیر نہ لگائیں بلکہ اللہ نے جتنی طاقت و ہمت اور استطاعت اور جو اسباب فراہم ہوں ان کے ذریعہ اپنا دفاع کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔' Mufti Abul Qasim Nomani statement on the current situation in the country
مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ 'موت آئے تو عزت کے ساتھ آئے اور موت ضرور آئے گی لیکن دلوں میں بزدلی اور کمزوری بٹھاکر اپنے کو دوسروں کے سپرد کردینا یہ ایمان والوں کی شان نہیں ہے۔ اس کے علاوہ مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے ملک کے موجودہ حالات پر روشنی ڈالی اور اہل سیاست کی خاموشی کا بطور خاص تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ 'اس وقت پورے ملک میں نفرت کا ایجنڈہ پھیلایا جارہا ہے، کشمیری پنڈتوں کے حوالہ سے فلم بناکر اسے ٹیکس فری کرکے لوگوں کے ذہنوں میں نفرت بھری جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے اخلاق اور معاملات درست کرکے اسلام کی صحیح تصویر بن کر پیش ہونا چاہیے تاکہ برادران وطن کے ذہنوں میں جو نفرتی زہر بھرا جارہا ہے اس کا توڑ پید ا کیا جاسکے۔'