بہوجن سماج پارٹی کےرہنما ورکن پارلیمان کنور دانش علی نے کہا ہے کہ اترپردیش کی یوگی حکومت کی ناکامی کی وجہ سے کانپور میں آٹھ پولس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
امروہہ سے لوک سبھا رکن پارلیمان دانش علی نے ٹوئٹ کرکے اتوار کو اترپردیش حکومت کی کام کرنے کی پالیسیز پر سوال کھڑاکیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’’کانپور میں شہید ہوئے ہمارے بہادر جوان اترپردیش حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ خطرناک بدمعاش وکاس دوبے کھلا گھومتا رہا۔
حکومت کا پورا نظام صحافیوں، طالب علموں، حقوق انسانی کے کارکنوں اوراپنے فکری مخالفوں کو جھوٹے مقدموں میں جیل بھیجنے کا کام کرتا رہا اور جرائم پیشہ عناصر کھلے عام گھومتے رہے۔‘‘
واضح رہے کہ تین جولائی کی رات قتل کے معاملے میں مطلوب وکاس دوبے کو گرفتار کرنے گئی پولس کی ٹیم پر بدمعاشوں نے حملہ کردیا تھا۔ اس واقعہ میں ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور ایک تھانہ انچارج سمیت آٹھ جوان ہلاک ہوگئے تھے۔
واقعہ کے کچھ ہی گھنٹوں کے اندر پولس نے واردات میں ملوث وکاس کے دو رشتہ داروں کو مار گرایا تھا۔ دوبے کی تلاش میں پولس کی پچاس سے زیادہ ٹیمیں ریاست کے مختلف اضلاع میں مصروف ہے۔ اس سلسلے میں پانچ سو سے زیادہ موبائل فونز کو سروی لانس پر رکھا گیا ہے۔