علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی کسی بھی مسجد میں اس سال عیدالاضحی کی نماز ادا نہیں کی جائے گی۔ ناظم دینیات پروفیسر محمد سلیم نے کہا کہ سبھی طلبا و اساتذہ اور دیگر متعلقین اپنے گھروں میں ہی عید کی نماز ادا کریں اور جن کے لیے یہ آسانی نہ ہو وہ عید کی نماز کے بجائے نماز چاشت ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ ممنوعہ جانوروں کی قربانی نہ کریں اور یونیورسٹی کے کیمپس میں کھلی جگہوں پر قربانی نہ کریں اور نہ ہی کسی ایک جگہ بھیڑ کی شکل میں جمع ہوں۔ قربانی کا اہتمام اپنے گھروں کے اندر کریں اور صفائی کا پورا خیال رکھیں۔
انہوں نے لوگوں سے قبرستان نہ جانے کی بھی اپیل کی تاکہ وہ بھیڑ اکھٹی نہ ہو اور کووڈ-19 سے کسی قسم کا خطرہ نہ ہو۔ صحت عامہ سے متعلق قومی اور صوبائی اداروں کی رہنما ہدایات کے مطابق سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔ ایسے وقت میں جب صحت عامہ کو سنگین خطرات لاحق ہیں لوگ اسلامی اصولوں اور احکامات کے مطابق متبادل نمازیں ادا کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اے ایم یو کے اساتذہ سابق و موجودہ طلبا و طالبات اور ملک کے دیگر شہریوں کو نیک خواہشات پیش کی ہیں اور اپیل کی ہے کہ وہ سماج کے کمزور طبقات کی مدد کریں۔
انھوں نے کووڈ-19 کی روک تھام کے سلسلہ میں صحت عامہ سے متعلق محکمہ کی طرف سے جاری رہنما ہدایات پر عمل کرنے کا بھی مشورہ دیا۔