ریاست اترپردیش کے تمام اسکولوں میں آج سے نویں جماعت سے لیکر بارہویں جماعت تک کے طلبا کے لیے آف لائن تعلیم کی شروعات کر دی گئی ہے۔ لیکن کورونا انفیکشن کے خطرے کو دیکھتے ہوئے کلاسیز میں طلبا کی تعداد کم ہی درج کی گئی۔ میرٹھ کے اسماعیل انٹر کالج میں بھی کچھ ایسا ہی نظارہ دیکھنے کو ملا۔
مغربی اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں انلاک 05 میں جہاں سینیما حال کو کھولنے کی اجازت ملی ہے۔ وہیں اسکولوں میں بھی آج سے آف لائن تعلیم کی شروعات کر دی گئی ہیں۔
قریب سات ماہ بعد کھلے اسکولوں میں جہاں طلبا کی تعداد کم رہی۔ وہیں لمبے عرصے بعد اسکول پہنچی طالبہ اپنی کلاس میں ٹیچر سے ملکر بہت خوش نظر آئیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بھلے ہی ہم آن لائن پڑھ رہے تھے لیکن آف لائن پڑھنے سے اچھی طرح سمجھ میں آتا ہے۔ وہیں ان کی ٹیچر کا بھی ماننا ہے کہ جو بچیاں آن لائن نہیں پڑھ پا رہی تھیں وہ اب کلاس میں اچھی طرح پڑھ سکیں گی۔
حکومت کی گائیڈلائن کو دیکھتے ہوئے اسکول میں 50 فیصد طلبا کو ہی بلایا گیا تھا تاکہ سماجی دوری کو برقرار رکھا جا سکے۔
اسکول کی پرنسپل کے مطابق دوسرے درجات کے بچوں کے والدین بھی جانکاری کر رہے ہیں کہ ان کے درجات میں کب تعلیم کی شروعات کی جا سکے گی۔ انہیں امید ہے کہ اسکول کا ماحول جلد لوٹ سکے گا۔
ملک میں کورونا انفیکشن کی وجہ سے متاثر ہوئی تعلیم کو ایک بار پھر سے شروع کرنے کے ساتھ ہی اس سے بچاؤ بھی ضروری ہے۔ ضرورت ہے تعلیمی نظام برقرار رکھنے کے ساتھ ہی احتیاطی تدابیر پر بھی پوری طرح عمل کیا جائے۔ اسی وقت ہم آف لائن تعلیم کو اور بہتر بنا سکتے ہیں۔