ریاست اترپردیش کے ضلع فیروزآباد میں ہفتہ کو ایک کورونا وائرس متاثرہ مریض کی موت ہوگئی، جبکہ دیگر تین افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ضلع میں مریضوں کی تعداد بڑھ کر 244 ہوگئی۔
سرکاری ذرائع نے یہاں بتایا کہ آج صبح ایک بزرگ مریض کی موت ہوگئی، جبکہ ضلع میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 11 تک پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آج تین مشتبہ مریضوں کی جانچ رپورٹ مثبت آئی ہے، تاہم ضلع میں مجموعی 244 مریضوں میں سے 194 مریض صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو جاچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ضلع میں 37 مریضوں کا علاج جاری ہے، بجکہ فیروزآباد سے دو مریضوں کو دہلی اور لکھنؤ کے لیے ریفر کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی (کے جی ایم یو)نے کل 1216 کوروناوائرس کے نمونوں کی جانچ کی تھی جس میں 31 نئے معاملات سامنے آئے ہیں، ان مریضوں میں لکھنؤ سے 11، کانپور سے چار، کنّوج سے ایک، مرادآباد سے آٹھ، ایودھیا سے تین، سلطانپور سے ایک، بارہ بنکی سے تین مریض شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ان تمام کو کوروناوائرس کے ہسپتال میں داخل کرکے علاج کیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ اترپردیش کے گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 31 نئے متاثرین کی تصدیق کے ساتھ ریاست میں مجموعی طور سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 7476 پہنچ گئی، جن میں سے ابھی تک 201 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
ریاست بھر میں کوانٹین کیے گئے مریضوں کی تعداد 9556 ہے، تاہم اس کے ساتھ ہی 2936 مریضوں کو آئی سولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے، جبکہ 4410 میں متاثرہ کوروناوائرس کے مریض صحتیاب ہوچکے ہیں، اور ڈسچارج ہوکر گھر جاچکے ہیں۔