ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں آج کمشنر سہارنپور ڈویژن سنجے کمار نے سہارن پور مظفر نگر ہائی وے کے ساتھ منسلک کرنے والی شاہراہ پر دیر رات ہوئے درد ناک سڑک حادثے والی جگہ کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ معائنہ کیا۔
واضح رہے کہ کل دیر رات اس حادثے میں چھ افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے تھے، تاہم زخمیوں کو میرٹھ میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں اُن کا علاج جاری ہے۔
کمشنر سنجے کمار نے بتایا کہ موقع واردات کے معائنہ کے ساتھ ساتھ لوگوں کے بیانات بھی لیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو حقائق سے آگاہ کیا جائے گا، اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ مظفر نگر سیلوا کماری جے، ایس ایس پی مظفر نگر ابھیشیک یادو، ایڈیشنل کمشنر سہارن پور، سی ڈی او مظفر نگر آلوک یادو اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔
خیال رہے کہ پیدل جارہے مزدور جب مظفرنگر شہر کوتوالی کے علاقے میں پہنچے تو ایک تیز رفتار بس نے انھیں کچل ڈالا جس میں چھ مزدور موقع واردات پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ چار دیگر زخمی ہو گئے۔
ان میں سے کچھ کی حالت بے حد تشویشناک ہے، کہا جاتا ہے کہ دیر رات پنجاب سے مزدور پیدل ہی اپنے گھر لوٹ رہے تھے۔
یاد رہے کہ یہ سبھی بہار کے رہنے والے بتائے جا رہے ہیں، یہ سب پیدل ہی پنجاب سے وطن واپس جارہے تھے۔ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی۔