بی ایچ یو میں اس برس کے کنووکیشن میں مہمان خصوصی کے طور پر پدم بھوشن ایوارڈ یافتہ ماہر اقتصادیات وجئے کیلکر نے شرکت کی۔
گزشتہ برس بی ایچ یو نے 100 واں (صدی)کنووکیشن منایا تھا۔
کنووکیشن کے پہلے روز تقریباً گیارہ ہزار طلبأ و طالبات کو اسناد تقسیم کیے گئے۔ وہیں 29 طلبأ و طالبات کو میڈل سے بھی نوازا گیا۔ جبکہ کل 508 میڈلز اس برس طلبہ کو تقسیم کیے گئے ہیں۔
دوسرے روز آرٹ فیکلٹی، سائنس فیکلٹی، فیکلٹی آف سوشل سائنس، سنسکرت فیکلٹی اور کامرس فیکلٹی کے پی جی کے طلبا کو ڈگری تقسیم کئے گئے۔
اردو کے طلبأ و طالبات میں پی ایچ ڈی کے 6 طلبہ نے ڈگری حاصل کی، وہیں ایم اے کے 40 طلبہ کا نام لسٹ میں شامل رہا۔
کنووکیشن کے موقع پر طلبہ میں جوش و خروش تھا، ڈھول نگاڑے پر بچوں نے رقص کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر کچھ طلبا ایسے بھی تھے جو دور دراز کا لمبا سفر کر کے اس تقریب میں شامل ہوئے تھے۔ جو اپنے ہم سبق ساتھیوں سے مل کر پرانے دن کو یاد کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کر رہے تھے۔
سیلفی سے لیکر ویڈیو میں ہر طالب علم مصروف تھا تو کوئی اپنے عزیزوں کو ویڈیو کالنگ سے پوری تقریب دکھا رہا تھا۔
ایم اے اردو کے فارغین طلبہ نے ڈگری ملنے کے بعد اپنے استاد کے ساتھ یادگار تصاویر لیں۔
اس موقع پر شعبہ صدر اردو پروفیسر آفتاب احمد آفاقی نے کہا کہ تقسیم اسناد کا موقع استاذ اور طلبأ دونوں کے لیے ہی انتہائی خوشی کا موقع ہوتا ہے۔ موجودہ دور میں اردو زبان کی ترقی کے تعلق سے پروفیسر آفاقی نے یہ کہا کہ ' ان کا ماننا ہے کہ اردو زبان کبھی بھی بدحالی کا شکار نہیں ہوسکتی اور اس کا مستقبل روشن ہے بس اس کے لیے کوشش کرنا بہت ضروری ہے اور اس زبان کے ذریعے آپ اعلی تعلیم حاصل کرسکتے ہیں اور متعدد پیشے سے وابستہ ہوسکتے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ 'سند ان کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے تفویض کی جاتی ہے اور یہ طلبأ کی پہلی سیڑھی ہے اور وہ مستقبل میں مزید ترقی کریں گے اور کامیابی کے منازل طئے کریں گے اور یہ تبھی ممکن ہوگا کہ جس طرح سے ہم لوگوں نے طلبأ و طالبات کے اندر ذہنی و فکری سطح پر جو تربیت کی کوشش کی ہے کہ محنت کیجیے اور آگے بڑھیے۔
انہوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'بی ایچ یو کے شعبۂ اردو میں جس طرح سے عرضیاں آرہی ہیں اس لیے اس بات کا قوی امکان ہے کہ موجودہ دور میں اردو زبان تیزی سے فروغ پا رہی ہے اور آخر میں انھوں نے تمام طلبأ و طالبات کو اس خوشی کے موقع پر مبارک باد دی۔