فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیررمیش پوکھریال نشنک نے لوک سبھا میں سینٹرل یونیورسٹیز ترمیمی بل پر بحث کاجواب دیتے ہوئے کہا کہ جے این یو تحقیق کے شعبہ چوٹی پر ہے ۔یہ بہت ہی اچھاادارہ ہے ۔
ہم اس یونیورسٹی کو بہتر طریقہ سے چلائیں گے ۔کچھ لوگوں کی وجہ سے اسے بدنام نہیں ہونے دیا جائے گا۔اس یونیورسٹی کے قومی دھارے سے دورہونے کا تو سوال ہی نہیں ہے۔
پوکھریال بل پر بحث کے دوران بی جے پی کے رکن ایس پی ایس بگھیل کے ذریعہ کیے گئے سوال کاجواب دے رہے تھے ۔
بگھیل نے آندھراپردیش میں ایک مرکزی یونیورسٹی اور ایک شیڈول کاسٹ مرکزی یونیورسٹی قائم کرنے کے لیے پیش کیے گئے اس بل پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ حکومت جتنی بھی سینٹرل یونیورسٹی قائم کرے ،لیکن اس بات کا خیال رکھاجائے کہ وہ ’دوسرا جے این یو ‘نہ بنیں ۔
انھوں نے کہاکہ ان یونیورسٹیز میں ایسے بچوں کو داخلہ نہ دیاجائے جو ملک مخالف نظریہ کو مانتے ہیں ۔یہ یقینی بنایاجاناچاہیئے کہ ’افضل ہم شرمندہ ہیں ،تیرے قاتل زندہ ہیں ، جیسے نعرے لگانے والوں کو کسی بھی ادارے میں داخلہ نہ ملے '۔