عالمی شہرت یافتہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے علما اور دانشوروں نے تمام برادران وطن سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا جیسی مہلک وبا سے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے ویکسینیشن ضرور کروائیں۔
یونیورسٹی کے دس اساتذہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پوری دنیا اور خاص طور پر ہمارا ملک جس سنگین حالات سے گِھر گیا ہے، وہ سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کا قہر مسلسل جاری ہے۔ اس مہلک وبا کے سبب تمام پبلک ہیلتھ، میڈیکل اور صحت کا نظام متاثر ہوگیا ہے۔
ڈاکٹر اور طبی عملہ سبھی اس بلا سے لڑ رہے ہیں اور مجاہدانہ شان سے اپنی جانیں تک دے رہے ہیں۔ ہم ان کو ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہیں۔
اس اپیل میں کہا گیا ہے کہ ان حالات میں ہر شہری اور تمام مذاہب کے ماننے والوں کا فرض ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی جان بچانے کے لیے تمام ممکنہ تدبیریں اپنائیں اور حکومت اور ڈاکٹروں کی ہدایت پر عمل کریں۔ تمام مذاہب کے لحاظ سے جان کی حفاظت سب سے اہم ہے اور قرآن کریم میں بھی خود کو ہلاکت میں ڈالنے سے سختی سے منع کیا گیا ہے۔
عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بحیثیت مسلمان یہ ہمارا عقیدہ ہے کہ بیماری اور شفا دونوں اللہ تعالی کے قبضہ قدرت میں ہے لیکن احتیاطی اقدامات نیز علاج و معالجہ و ظاہری اسباب ہیں، جن کو اللہ رب العزت نے شفایابی کے لیے ذریعہ بنایا ہے اور اس سے عمل کرنا دینی لحاظ سے لازمی ہے۔ اس لیے چہرے پر ماسک لگانا، سماجی دوری بنائے رکھنا اور ہاتھ دھوتے رہنا صرف ڈاکٹرز اور حکومت کی ہدایت نہیں بلکہ یہ ہر شخص کا مذہبی فریضہ بھی ہے۔
اپیل میں کہا گیا ہے کہ ان احتیاطی تدابیر میں سب سے اہم ویکسینیشن ہے۔ ویکسینیشن کے ذریعے ہی ہم اس عالمی وبا کے خلاف جیت حاصل کر سکتے ہیں۔
اپیل میں درخواست کی گئی ہے کہ جلد از جلد مقررہ اصولوں کے مطابق تمام لوگ ویکسین لگاوائیں۔ اس میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ اپنے گھر والوں اور دیگر شہریوں کی جان کو خطرہ میں ڈالنا ہے۔
اساتذہ نے کہا کہ ہماری تمام لوگوں سے اپیل ہے کہ محکمہ صحت کی ہدایت کے مطابق ویکسین لگوانے میں پہل کریں تاکہ خود بھی محفوظ رہیں اور ملک سے اس آفات کا خاتمہ ہو سکے۔
اپیل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہم سب کے لئے ضروری ہے کہ ویکسینیشن کے ساتھ ساتھ اس وبا سے حفاظت کے لئے خصوصی دعاؤں اور آن لائن یوم استغفار کا اہتمام کریں کیونکہ تمام حفاظتی تدابیر اختیار کرکے ہمیں اللہ رب العزت کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ اپیل پر جن اساتذہ نے اپنے دستخط کیے ہیں، ان میں ڈین، فیکلٹی آف تھیالوجی پروفیسر محمد سعود عالم قاسمی، ڈائریکٹر کے اے نظامی سینٹر فار قرآن اسٹڈیز پروفیسر عبدالرحیم قدوائی، ڈائریکٹر سر سید اکیڈمی پروفیسر علی محمد نقوی، پرنسپل ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ایم ایف سفیان بیگ، سابق ڈین فیکلٹی آف تھیالوجی پروفیسر توقیر عالم فلاحی، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ سنی دینیات پروفیسر محمد سلیم، سابق چیئرمین ڈپارٹمنٹ آف اسلامک اسٹڈیز پروفیسر عبید اللہ فہد، چیئرمین ڈپارٹمنٹ آف شیعہ تھیالوجی پروفیسر طیب رضا نقوی، سابق ناظم سنی دینیات ڈاکٹر مفتی زاہد علی خان اور ڈائریکٹر برج کورس نسیم احمد خان شامل ہیں۔