ریاست اترپردیش کے شہر علی گڑھ میں واقع معروف علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے بہار اسمبلی انتخابات سنہ 2020 کی تاریخوں کا اعلان ہونے کے بعد امیدواروں کی سہولت کے لیے مختلف کورسش کے داخلہ امتحانات کی تاریخوں میں تبدیلی کی ہے۔
یونیورسٹی کنٹرولر امتحانات مجیب اللہ زبیری کی جانب سے جاری اطلاع کے مطابق بہار کے شہر پٹنہ اور کشن گنج میں داخلہ امتحانات کے مراکز بنائے گئے ہیں تاکہ طلبا کو کسی قسم کی کوئی پریشانی نہ ہو۔
یونیورسٹی کنٹرولر کا کہنا ہے کہ بہار اسمبلی انتخابات کی وجہ سے طلبا کو پریشانی ہوسکتی ہے اس لیے ان تاریخوں میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔
نئے شیڈول کے مطابق اب سینیئر سیکنڈری سکول سرٹیفکٹ (سائنس) ڈپلومہ انجینیئرنگ کا داخلہ امتحان 22 نومبر 2020 کو صبح 10 بجے، سینیئر سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ (ہیومینٹیز اور کامرس) اور ایم بی اے (ای بی)، ایم بی اے (اسلامک بینکنگ و فائنانس) کے داخلے امتحانات 22 نومبر کو سہ پہر تین بجے ہوں گے۔
وہیں بی ایڈ کا داخلہ امتحان 23 نومبر کو سہہ پہر تین بجے، بی ایس سی (آنرز) اور بی کام (آنرز) کا داخلہ امتحان 29 نومبر کو صبح 10 بجے، بی اے (آنرز) کا داخلہ امتحان 29 نومبر کو سہ پہر تین بجے، بی آرکیٹیکچر سیکینڈ ایئر کا داخلہ امتحان یکم دسمبر صبح نو بجے، بی ٹیک بی آرکیٹیکچر پہلے سال کا داخلہ امتحان یکم دسمبر کو دو بجے اور بی اے ایل ایل بی کا داخلہ امتحان دو دسمبر کو سہ پہر تین بجے ہوگا۔
کنٹرولر امتحانات نے مزید بتایا کہ امیدواروں کی سہولت کے لیے مختلف کورسز کے ٹیسٹ سینٹر تبدیل کرنے کے لیے ایک علاحدہ ونڈو یکم اکتوبر سے سات اکتوبر تک ویب سائٹ www.amucontrollerexams.com پر کھولی جائےگی۔
واضح رہے کہ اس ونڈو سے امیدوار اپنی سہولت کے مطابق اپنے ٹیسٹ سینٹر تبدیل کرسکتے ہیں۔