علیگڑھ: اس سال ”انڈیا ٹوڈے-ایم ڈی آر اے سروے آف کالجز ان انڈیا-2023“ میں اے ایم یو کے کالجوں اور شعبۂ جات کی درجہ بندی کا گراف گزشتہ سال کے مقابلے بہتر ہوا ہے۔ یونیورسٹی کے ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج نے ہندوستان کے تمام ڈینٹل کالجوں اور اداروں میں آٹھواں مقام حاصل کیا ہے، جسے 2022 میں دسواں مقام حاصل ہوا تھا۔ اسی طرح شعبۂ آرکیٹیکچر نے اس سال نویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ یہ شعبہ 2022 کے سروے میں شامل نہیں ہوا تھا۔ یونیورسٹی کے شعبۂ قانون نے سال 2022 میں 14ویں رینک کے مقابلے میں اس سال 13ویں رینک حاصل کی ہے۔ اسی طرح شعبۂ ترسیل عامہ اس سروے میں 23ویں رینک کے ساتھ میڈیا اسٹڈیز کے مقبول عام اداروں میں سے ایک ہے۔ پچھلے سال یہ شعبہ 24ویں مقام پر تھا۔ سوشل ورک شعبہ 13ویں رینک پر ہے اور جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج نے 17ویں نمبر پر اپنا مقام برقرار رکھا ہے، جب کہ ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی اس سال 24ویں مقام پر ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
اے ایم یو کے اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے کہا کہ انڈیا ٹوڈے-ایم ڈی آر اے سروے میں اے ایم یو کے اداروں کا بہتر مقام، درس و تدریس اور تحقیق کے معیار کو بلند کرنے اور اختراع کو فروغ دینے میں ہمارے اساتذہ، عملے کے اراکین اور طلباء کی محنت و لگن کا ثبوت ہے۔ پروفیسر ایم سالم بیگ، چیئرمین، یونیورسٹی رینکنگ کمیٹی نے کہا کہ اے ایم یو کے مختلف کالجوں اور شعبہ جات نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا ٹوڈے کے نالج پارٹنر ایم ڈی آر اے نے اعلیٰ تعلیم کے اداروں کی درجہ بندی کے لیے جو طریقۂ کار استعمال کیا ہے وہ آزمودہ ہے، جسے وسیع پیمانے پر سراہا گیا ہے۔
کارکردگی کے معیار کو پرکھنے کے لیے جو اشاریے شامل کیے گئے ان میں انٹیک کوالٹی اینڈ گورننس، اکیڈمک ایکسیلنس، انفراسٹرکچر اینڈ لیونگ ایکسپریئنس، پرسنالٹی اینڈ لیڈرشپ ڈیولپمنٹ اور کر یئر کی ترقی اور پلیسمنٹ قابل ذکر ہیں۔ اس کے علاوہ کالجوں اور شعبہ جات کے سلسلہ میں آبجیکٹیو اسکور اور پرسیپشن اسکور کو بھی الگ الگ شمار کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ وزارت تعلیم کے ذریعہ جاری کردہ قومی ادارہ جاتی درجہ بندی (NIRF) 2023 میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے یونیورسٹیوں کے زمرے میں 9ویں رینک حاصل کی تھی۔ جس میں 6405 اداروں کو شامل کیا گیا جب کہ گزشتہ سال یہ تعداد 5603 تھی۔