ریاست اترپردیش کے ضلع امروہہ کے سیدنگلی تھانہ علاقے میں رہنے والی عصمت دری کی شکار لڑکی نے پولیس پر ملزم کے ساتھ ملی بھگت کا الزام لگایا ہے۔ متاثرہ لڑکی کا الزام ہے کہ پولیس مقدمہ درج ہونے کے بعد بھی ملزم کو گرفتار نہیں کررہی ہے۔
اگرچہ اترپردیش حکومت مشن شکتی چلا کر خواتین کو عزت اور تحفظ فراہم کرنے کا وعدہ کررہی ہے لیکن امروہہ ضلع کی سیدنگلی پولیس عصمت دری کی شکار لڑکی کی درخواست سننے کے لئے تیار نہیں ہے۔
متاثرہ نے بتایا کہ سیدنگلی پولیس اسٹیشن علاقے کے ہی رہائشی ایک لڑکے نے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی، جس کے بعد 26 اکتوبر کو تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، لیکن اس کے بعد سے وہ اکثر تھانہ کا چکر لگا رہی ہے، لیکن پولیس ملزم کو گرفتار نہیں کررہی ہے۔