ریاست اترپردیش کے ضلع مرزا پور میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 45 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد ضلع میں مجموعی متاثرین کی تعداد بڑھ کر 221 ہوگئی ہے۔
اطلاع کے مطابق شہر کے ٹٹہائی محلہ میں ایک وکیل سمیت 11 مریض کورونا مبت پائے گئے ہیں۔
مرزاپور ڈویژنل ہسپتال کے ایس آئی سی اور ان کی بیوی کے کورونا شکار ہونے کے بعد ہسپتال کے علاقے کو ہاٹ سپاٹ قرار دے دیا گیا ہے، تاہم ہسپتال میں کم سے کم تین دنوں تک مریضوں کا علاج نہیں ہوپائے گا۔
وہیں چار انسپکٹر سمیت ایک درجن پولیس اہلکار کے نمونے مثبت پائے گئے ہیں، جس کے بعد پولیس دفتر کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ایک ہفتے میں کوروناوائرس کے مریضوں کی تعداد میں دو گنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر او پی تیواری نے بتایا کہ مریضوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے فوری طور سے ایک نیا آئی سولیشن وارڈ بنانے کی کاروائی شروع کردی گئی ہے۔
ڈاکٹر تیواری نے کہا کہ اس وقت ضلع میں مجموعی متاثرین کی تعداد 210 ہے، جن میں سے 80 لوگ صحتیاب ہوچکے ہیں، تاہم اس وقت ایکٹیو مریضوں کی تعداد مرزاپور میں 136 ہے۔
خیال رہے کہ لاک ڈاؤن 2.0 بھی شروع ہوگیا ہے، جس کے تحت ایک نئی گائیڈ لائن جاری کی ہے۔
واضح رہے کہ آٹھ جون سے مندر مسجد گرودوارے سمیت تمام طرح کی عبادت گاہوں اور شاپنگ مالز کو کھول دیا گیا ہے، اس کے لیے ضلع انتظامیہ نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سماجی دوری پر پورا عمل کرنا ضروری ہے۔
وہیں بچوں کو کھیلنے کے لیے گیمنگ زون اور سینیما گھر پوری طرح بند رہیں گے۔
ضلع انتظامیہ نے شاپنگ مال میں جانے والوں پر شرائط عائد کی ہیں کہ جن لوگوں کے موبائل میں آروگیہ سیتو ایپ ہوں گے، صرف انہی کو شاپنگ مال میں داخلہ دیا جائے گا۔
ریاست میں کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کے سبب وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اعلان کیا تھا کہ جولائی سے ہر روز 25 ہزار کورونا ٹیسٹنگ کی جائے گی، تاکہ اس وبا پر قابو پایا جا سکے۔