جموں و کشمیر پولیس نے جموں صوبہ کے ضلع ادھم پور سے تقریباً پانچ کلو میٹر دور تھارڈ علاقہ سے چھ کلو چرس اور ایک لاکھ روپے کی نقدی کے ساتھ چھ اسمگلروں کوگرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار شدہ افراد کا تعلق کشمیر اور جموں سے ہیں۔ پولیس اب مرکزی ملزم کی تلاش کر رہی ہے۔ اے ایس پی راجندر سنگھ کٹوچ نے بتایا کہ پولیس کو چرس کی اسمگلنگ سے متعلق ٹھوس معلومات موصول ہوئی تھی جس کے بعد یہ کارروائی انجام دی گئی۔
اس سلسلہ میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر روہت چھاڈگل اور ایس ایچ او وجئے چودھری کی سربراہی میں ایک ٹیم کو تشکیل دے کر چھاپہ مارا گیا جس دوران اسمگلنگ میں ملوث چھ افراد کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات برامد کی گئی۔ پولیس ٹیم نے علاقہ میں ایک تویرا گاڑی (JK03D-6434)، دو اسکوٹی (JK02BS-5440 اور JK02CJ-0708) دیکھی جس سے معلوم ہوا کہ اسمگلر منشیات کی ڈیل کر رہے ہیں۔
ملزمان کی تلاشی پر چھ کلو چرس اور ایک لاکھ روپے نقد رقم برآمد ہوئی۔ اس سلسلہ پولیس نے نثار احمد ساکنہ اننت ناگ، عرفان احمد ساکنہ شوپیاں، دو اسکوٹر سوار سمرت مغل اور عامر چودھری ساکنہ گجر نگر (جموں)، نذیر محمد ساکنہ سنجوان (جموں) اور اعظم محمد ساکنہ بٹھنڈی (جموں) کو گرفتار کیا۔
اے ایس پی نے بتایا کہ ضلع ادھم پور میں پہلی بار منشیات فروشی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس میں سری نگر اور جموں کے اسمگلر شامل ہیں۔ معاملے کی تفتیش جاری ہے۔