حیدرآباد میں ہفتے کے روزسے بی جے پی کی قومی ایگزیکٹیو میٹنگ شروع ہونے جارہی ہے۔ پورے شہر کو بھگوا میں رنگ دیا گیا ہے۔بی جے پی نے شہر بھر میں اپنے رہنماوں کے جھنڈے، بینرز، ہورڈنگز، فلیکسز اور بڑے بڑے کٹ آؤٹ لگائے ہیں۔ دو روزہ اجلاس کے موقع پر پارٹی کے حامیوں کی طرف سے ٹریفک کے بڑے چوراہوں کو سجا دیا گیا ہے۔ BJP Executive Meeting Held in Hyderabad
وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ بی جے پی صدر جے پی نڈا، وزیر داخلہ امت شاہ، تلنگانہ بی جے پی صدر بندی سنجے اور مرکزی وزیر برائے سیاحت و ثقافت جی کشن ریڈی کے بڑے بڑے کٹ آؤٹ شہر میں کئی مقامات پر لگائے گئے ہیں۔حیدرآباد انٹرنیشنل کنونشن سنٹر (HICC) کی طرف جانے والی سڑکوں پر پارٹی کے قومی قائدین اور دیگر مندوبین کے استقبال کے لیے ہورڈنگز لگائے گئے، جو کہ نیشنل ایگزیکٹیو کا مقام ہے۔
پریڈ گراؤنڈ کے ارد گرد کئی کٹ آؤٹ اور فلیکسز لگے ہیں، جہاں وزیر اعظم مودی اور بی جے پی کے دیگر قومی رہنما اتوارکےروز دو روزہ قومی ایگزیکٹو کے اختتام پر ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ تقریباً 350 مندوبین بشمول کئی مرکزی وزراء اور بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ، قومی ایگزیکٹو میں شرکت کریں گے۔
نیشنل ایگزیکٹیو گزشتہ ایگزیکٹو میٹنگ میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لے گی اور پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرے گی۔ اسمبلی انتخابات کے روڈ میپ پر توجہ مرکوز کیے جانے کا امکان ہے۔اس میٹنگ میں کچھ ریاستوں میں اس سال کے آخر اور اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے روڈ میپ پر توجہ مرکوز کرنے کا امکان ہے۔
امکان ہے کہ نیشنل ایگزیکٹیو مختلف مسائل پر قراردادیں پاس کرے گی جس میں مودی حکومت کی گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران حاصل کردہ کامیابیوں پر ایک سیاسی قرارداد بھی شامل ہے۔ ایک اور قرارداد تلنگانہ پر آنے کا امکان ہے، جس ریاست پر پارٹی فی الحال توجہ مرکوز کر رہی ہے۔
بی جے پی کے جنرل سکریٹری ترون چگ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وزیر اعظم مودی 340 مندوبین کے ساتھ قومی ایگزیکٹیو میں ہونے والی تمام بات چیت میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کو ’وجئے سنکلپ‘ کے عنوان سے ہونے والے جلسہ عام میں تلنگانہ بھر سے لاکھوں لوگ شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ 35,000 پولنگ بوتھوں کے پارٹی انچارج بی جے پی کو ریاست میں اقتدار میں لانے کے لیے حلف لیں گے۔
بی جے پی کی قومی ایگزیکٹو میٹنگ 18 سال کے وقفے کے بعد حیدرآباد میں ہو رہی ہے۔ آخری بار بھگوا پارٹی نے یہاں 2004 میں میٹنگ کی تھی، جس میں اس وقت کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی، نائب وزیر اعظم ایل کے اڈوانی اور اس وقت کے پارٹی صدر ایم وینکیا نائیڈو نے شرکت کی تھی۔