تلنگانہ حکومت نے پی ای سیٹ کی درخواستوں کو قبول کرنے کی تاریخ میں اس ماہ کی 30 تاریخ تک توسیع کرنے کے احکام جاری کئے۔ نئے رہنمایانہ خطوط کے مطابق سرکاری دفاتر میں 50 فیصد اہلکار ہی حاضر رہیں گے۔ روٹیشن طریقہ کار کے مطابق 50 فیصد اسٹاف ہی کام کرے گا۔ ایسے عہدیدار جن کا علیحدہ چیمبر ہو وہ روزانہ ڈیوٹی پر حاضر ہوں۔
ایسے ملازمین جن کو ڈیوٹی الاٹ نہیں کی گئی ہے وہ ہیڈکوارٹرس نہ چھوڑیں، حاملہ خواتین، دیگر طبی مسائل سے دوچار ملازمین کو چاہئے کہ وہ رخصت حاصل کر لیں۔ اعلی عہدیداروں کی اجازت کے بغیر کسی بھی کو دفتر آنے کی اجازت نہ دی جائے۔ .بی آر کے بھون میں درجہ چہارم کے ملازمین کو ایک ہفتہ کام اور ایک ہفتہ چھٹی دی جائے۔اس ماہ کی 22تاریخ سے 4جولائی تک ان احکامات پر عمل کیاجائے۔
ان رہنمایانہ خطوط کے مطابق متبادل دن کی بنیاد پر ملازمین خدمات انجام دیں گے۔ان 50فیصد میں آفس سب آرڈینیٹس،ڈاٹا انٹری آپریٹرس اور درجہ چہارم کے دیگر ملازمین شامل ہیں۔اسی طرح 50فیصد کلریکل اسٹاف اور سرکولیشن آفیسرس متبادل بنیاد پر متعلقہ دفاتر کو آئیں گے۔کسی مخصوص دن ڈیوٹی پر نہ آنے والے ملازمین کو چاہئے کہ وہ ہیڈکوارٹرس میں ہی رہیں اور مختصر نوٹس میں ہی دفتر واپس ہوں۔ساتھ ہی گاڑیوں و سرکاری دفاتر کو معمول کے مطابق جراثیم سے پاک بنایا جائے گا۔
تمام انفکشن کے پروٹوکولس پر عمل کیاجائے گا۔ساتھ ہی وقفہ وقفہ سے ہاتھ دھونے،ماسک پہننے کو لازمی قرار دیاجائے گا۔لفٹ میں تین سے زائد افراد کو اجازت نہیں رہے گی۔تمام عہدیداروں کو مشورہ دیاگیا ہے کہ وہ اے سی کے استعمال سے گریز کریں اور متعلقہ کمروں میں مناسب ہوا کے لئے گنجائش فراہم کریں۔ڈرائیورس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پارکنگ کے علاقہ میں جمع نہ ہوں بلکہ متعلقہ پیشی میں ہی بیٹھیں۔