تلنگانہ ہائیکورٹ میں غیر زرعی جائیداد اور اراضی کے رجسٹریشن کے سلسلہ میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے رجسٹریشن کے طریقہ کار سے آدھار کی تفصیلات کو حذف کرنے کی ہدایت کی۔
درخواست گزاروں کے وکلاء نے شکایت کی کہ جائیداد کا رجسٹریشن پرانے طریقہ کار سے انجام نہیں دیا جارہا ہے، حالانکہ اس سلسلہ میں ہائیکورٹ نے ہدایت دی تھی۔ ہدایت کے باوجود جائیداد مالکان سے آدھار اور دیگر تفصیلات طلب کی جارہی ہے۔
حکومت کے موجودہ طریقہ کار کو چیلنج کرتے ہوئے داخل کردہ مفاد عامہ کی درخواستوں پر ہائیکورٹ نے مسلسل دوسرے دن سماعت کی۔ عدالت نے کہا کہ غیر زرعی جائیداد اور اراضی کے رجسٹریشن کا عمل جاری رکھا جائے۔ تاہم آدھار اور دیگر تفصیلات طلب کرنے سے گریز کیا جائے۔ رجسٹریشن کے لئے دیگر شناختی دستاویزات کو قبول کیا جانا چاہئے۔
عدالت نے کہا کہ سافٹ ویئر میں آدھار کی تفصیلات سے متعلق کالم کو نکالنے تک سلاٹ بکنگ کو روک دیا جانا چاہئے۔ ہائی کورٹ نے آدھار کے علاوہ کاسٹ اور ارکان خاندان کی تفصیلات سے متعلق کالم کو حذف کرنے کی ہدایت کی۔
عدالت نے کہا کہ حکومت نے عدالت کو دیے گئے تیقن کی خلاف ورزی کی ہے۔ رجسٹریشن کیلئے تفصیلات کے حصول پر اعتراض نہیں لیکن عوام کی نجی معلومات حاصل کرنا غیر محفوظ طریقہ کار ہے۔
ہائیکورٹ نے سافٹ ویئر اور مینول میں تبدیلی کرتے ہوئے ہائی کورٹ کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 20 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:سدی پیٹ: مستحقین ڈبل بیڈ روم مکانات میں داخل ہوئے