ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں پولیس نے کورونا کے علاج کے لئے استعمال کئے جانے والے انجکشن رمڈیزیور کو بھاری قیمت پر غیر قانونی طورپر فروخت کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے اس کے پاس سے ایسے 6 انجکشنس اور ایک ٹو وہیلر بھی ضبط کئے ہیں۔
ایک اطلاع پر ویسٹ زون ٹاسک فورس نے رحمت نگر، یوسف گوڑہ کے رہنے والے گلوبل فارمیسی چلانے والے 33 سالہ شیخ مظہر کو اُس وقت حراست میں لے لیا جب وہ یہ انجکشن بھاری قیمت میں فروخت کر رہا تھا۔ پولیس کے پریس ریلیز میں یہ بات بتائی گئی۔
ملزم حیدرآباد کا ساکن ہے اور وہ کئی برسوں سے گلوبل فارمیسی کے نام سے میڈیکل شاپ چلارہا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ اس انجکشن کی اصل قیمت 5400روپئے ہے تاہم کوویڈ19اور زیادہ تر افراد کے اس انجکشن کی عدم دستیابی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنے کی وجہ سے ملزم نے 35000روپئے کی بھاری رقم پر اس انجکشن کو فروخت کرتے ہوئے اس کا فائدہ اٹھایا اور غیر قانونی طریقہ سے رقم حاصل کی۔
فی الحال ملزم کو مزید کارروائی کے لئے لنگرحوض پولیس کے حوالے کردیاگیا۔
یو این آئی