تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کی آندھراپردیش یونٹ کے صدر اَچّن نائیڈو نے الزام عائد کیا ہے کہ ریاست کی وائی ایس جگن موہن ریڈی حکومت نے دو سال میں ایک کروڑ روزگار کا نقصان کیا جس سے یہاں کے بے روزگار خودکشی پر مجبور ہو رہے ہیں۔
اَچّن نائیڈو نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ریاست کے تمام گھروں کے لیے روزگار پیدا کرنے کی بات کی تھی لیکن ان کی حکومت نے محض دو سال میں ہی ایک کروڑ روزگار کا نقصان کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی یا روزگار پیدا کرنا‘ اس حکومت کی ترجیحات میں نہیں ہیں جس سے یہاں کے بے روزگار مایوس ہیں۔ یہاں تک موجودہ صنعتوں کو پریشان کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کُرنول کے چانوگونڈلا گاؤں کے باشندے گوپال نے روزگار نہ ملنے کے سبب خود کشی کر لی جس کے لیے یہ حکومت ذمہ دار ہے۔ ہلاک ہونے والے نے نوکری پانے کی امید کھو دینے کے سبب یہ اقدام کیا۔ حکومت کو ہلاک ہونے والے کے خاندان کے اراکین کو 25 لاکھ روپیے کا معاوضہ دینا چاہیے۔
یو این آئی